کراچی کو اصل ماسٹر پلان کے تحت بحال کرنے کا حکم
جمعرات 24 جنوری 2019 3:00
کراچی: عدالت عظمیٰ نے کراچی کو اصل ماسٹر پلان کے تحت بحال کرنے کا حکم جاری کیا ہے اور اس حوالے سے سندھ حکومت کو کابینہ اجلاس بلانے کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں رہائشی پلاٹس کو کمرشل میں تبدیل کرنے اور تجاوزات کے خاتمے سے متعلق سماعت کیس کی سماعت ہوئی۔ اس دوران ایڈووکیٹ جنرل سندھ عدالت میں پیش ہوئے اور صوبائی حکومت کی جانب سے رپورٹ پیش کی۔
دوران سماعت عدالت نے سندھ حکومت کی رپورٹ مسترد کردی اور جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ آپ کی یہ رپورٹ کسی کام کی نہیں ہے۔ اچھا ہوگا یہ کہ رپورٹ آپ ابھی واپس لے لیں، اگر اس رپورٹ پر ہم نے آرڈر کیا تو آپ کی پوری حکومت ہل جائے گی۔ آپ ہمیں لوری مت سنائیں، آپ کے پاس ممتاز علی شاہ جیسا چیف سیکرٹری ہے ، پھر بھی کچھ نہیں کرپارہے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو آیندہ سیشن میں آرکی ٹیکچر کے ساتھ مشورہ کرکے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں عدالت نے وزیراعلیٰ سندھ کو کابینہ کا اجلاس بلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں کراچی کو اصل ماسٹر پلان کے تحت بحال کرنے کا فیصلہ کریں۔ آئندہ 2 ہفتوں کے بعد جامع رپورٹ میں سندھ کابینہ کا فیصلہ بھی شامل ہو۔