ویسٹ انڈین ویمنزکرکٹ ٹیم کی دورہ پاکستان کی تصدیق
جمیکا: پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے اور مہمان ٹیم تقریباً15سال بعد30جنوری کو پاکستان پہنچے گی۔ پروگرام کے مطابق ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم کراچی میں 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی ،پہلا میچ 31جنوری کو ہو گا۔یکم فروری کو دوسرا اور 3 فروری کو تیسرا میچ کھیلا جائے گاجس کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم امارات روانہ ہو جائے گی جہاں پاکستان کے ساتھ آئی سی سی ون ڈے چیمپیئن شپ کے تحت 3ون ڈے انٹر نیشنل ہوں گے۔کراچی میں ہونے والے میچ ساوتھ اینڈ کلب گراونڈ پر ہونگے جبکہ امارات میں دونوں ٹیمیں دبئی میں کھیلیں گی۔ دبئی میں 7،9 اور 11 فروی کو ون ڈے میچ منعقد ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ افسر سبحان احمد کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کی کراچی آمد پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ ان کا یہ دورہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی مکمل طور پر بحالی کے لیے اہم قدم ثابت ہوگا۔ اس دورے کے حوالے سے کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹو افسر جونی گریو کا کہنا تھا کہ اپریل 2018 ءمیں ویسٹ انڈیز ٹیم کی پاکستان کی جانب سے میزبانی کے بعد ہم نے دورے کی تصدیق کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے سیکیورٹی کا ویسا ہی منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے جیسا گزشتہ سال مینز ٹیم کیلئے بنایا گیا تھا۔جونی گریو کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام کھلاڑیوں اور اسٹاف پر واضح کردیا ہے کہ اگر کسی کو اس دورے کے حوالے سے کوئی تحفظات ہیں تو ہم ان کی بات سنیں گے۔ادھر ویسٹ انڈین کپتان اسٹیفانی ٹیلر نے ٹیم کے ساتھ پاکستان جانے سے انکار کر دیا ہے اور کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ان کی جگہ سابق کپتان میریسا ایگلیرا کو قیادت سونپی گئی ہے اور شاکرہ سلمان ان کی نائب ہوں گی ۔ اسٹیفانی ٹیلر کا کہنا تھا کہ وہ دبئی میں آئی سی سی ون ڈے چیمپیئن شپ کے دوران ٹیم کو دستیاب ہوں گی۔ مہمان ٹیم کو ہیلی میتھیوز کی خدمات بھی حاصل نہیں ہوں گی جو بگ بیش کے دوران انجری کا شکار ہو گئی ہیں۔سلیکشن کمیٹی نے ہیلی میتھیوز کی متبادل کے طور پر نئی کھلاڑی کرشمہ کو کیپ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سلیکٹر کے مطابق ایک اور نئی بیٹر راشدہ ولیمز کو بھی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جو ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔ ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔اسی طرح ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈیز چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں