کراچی: حساس حلقے میں انتخابی مہم ختم‘ پولنگ کل ہوگی
کراچی:صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 94 (لانڈھی) میں انتخابی مہم کا وقت جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ختم ہونے کے بعد سیاسی سرگرمیاں ختم ہو گئیں۔ کراچی کے حساس ترین حلقے میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کل اتوار 27 جنوری کو ہوگی۔ ذرائع کے مطابق مہم کے آخری روز ایم کیو ایم پاکستان، پاکستان تحریک انصاف، پی ایس پی، پی پی پی ،مہاجر قومی مومنٹ اور دیگر جماعتوں نے حلقے میں اپنی بھر پور انتخابی مہم چلائی۔ اُدھر الیکشن کمیشن حکام کی جانب سے پولنگ اسٹیشن کے اندر رینجرز تعینات ہوگی جبکہ آج پولنگ سے متعلق سامان پریزائڈنگ افسران کے حوالے کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ پی ایس 94 کی یہ نشست ایم کیوایم رکن محمد وجاہت کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ضلع کورنگی میں سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 94 میں 57 پولنگ عمارتیں اور 149 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں کے اندر کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں جبکہ مرکزی کنٹرول روم ایس پی لانڈھی آفس میں قائم ہو گا۔