جازان۔۔۔ جازان میں ڈینگی وائرس کے شکار 7 نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔ وزارت صحت نے ڈینگی وائرس کے انسداد کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں۔ وزارت صحت کی سربراہی میں 10 سرکاری اداروں کی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جازان ریجن کی مختلف کمشنریوں کے دورے شروع کردیئے ہیں۔ المدینہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت صحت کے ترجمان نبیل غاوی نے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس کے شکار مریضوں کو عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق علاج معالجہ فراہم کیا جارہا ہے۔ ان کی حالت بہتری کی طرف جارہی ہے۔ ریجن میں ڈینگی وائرس قابو میں ہے۔ شہری و غیر ملکی اطمینان رکھیں۔ وزارت صحت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو صرف اسپرے کرنے پر اکتفا نہیں کررہی ہے بلکہ جدید ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے کام کررہی ہے۔ دوسری طرف جازان کے شہریوں نے کہا ہے کہ موسلادھار بارش کے بعد پورے علاقے میں مچھروں کی یلغار ہوچکی ہے۔ اس کی وجہ سے متعدد افراد بیمار پڑ گئے ہیں۔