پنک ون ڈے میں شعیب ملک کی قائدانہ صلاحیتیں
جوہانسبرگ: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پنک ڈے میچ کو ”شنواری ڈے“ میچ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ میچ شعیب ملک کیلئے قائدانہ صلاحیتوں کے اظہار کا بھی ایک اچھا موقع تھا جس سے انہوں نے پورا فائدہ اٹھایا۔ محمد عامر نے بالکل درست وقت پہ ڈیوڈ ملر کی وکٹ حاصل کی اور اس کے بعد یہ میچ صرف عثمان شنواری کا ہو کر رہ گیا۔ پرانی گیند کو جس طرح سے انہوں نے ریورس سوئنگ کیا اور لینتھ کا جس خوبصورتی سے استعمال کیا وہ قابل دید تھا۔ یہ بدقسمتی رہی کہ پھر وہ ہیٹ ٹرک نہ کر پائے لیکن ایک اوور میں 3 وکٹیں لے کر یہ طے کر گئے کہ فتح پاکستان ٹیم کی ہو گی۔جنوبی افریقی کرکٹ کلچر میں اب پنک ڈے میچ اور یہ دن خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔پنک ڈے کی کرکٹ بھی روٹین سے کافی ہٹ کر ہوتی ہے اور اس دن میزبان ٹیم کی جانب سے چوکوں چھکوں کی برسات ہوتی ہے مگر پاکستانی بولرز خاص طور پر عثمان شنواری نے رنز کی کسی برسات کا امکان ہی ختم کردیا ایسا محسوس ہی نہیں ہوا کہ یہ پنک ڈے تھا بس یہی نظر آیا کہ یہ شنواری ڈے تھا۔اسی طرح قائم مقام کپتان شعیب ملک نے اپنے اٹیک میں اسپن اور پیس کا توازن بہترین انداز میں طے کیا ۔کسی کپتان کی قائدانہ صلاحیتوں کا پتا اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے ا سپنرز کو کیسے، کہاں اور کتنا استعمال کرتا ہے۔ سرفراز احمد کی 4میچوں کی عارضی معطلی کے باعث شعیب ملک نے صرف اسپنرز کو ہی نہیں، اپنے فاسٹ بولرز کو بھی کمال مہارت سے استعمال کیا اور میچ پاکستان کیلئے آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں