ہند کیساتھ فوری تجارت ممکن نہیں،عبدالرزاق داود
لاہور...وزیراعظم کے مشیر تجارت ،ٹیکسٹائل ،صنعت و پیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داود نے کہاہے کہ ہند میں انتخابات ہونے تک ماحول سازگار نہ ہونے سے فوری تجارت ممکن نہیں۔ایران اور تاپی گیس پائپ لائن پروجیکٹ پر فوری پیشرفت ممکن نہیں۔افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے بعد ہی تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا۔حکومت کی پالیسیوں سے انڈسٹری چل پڑی ہے۔ روزگار ملنا شروع ہوگئے ۔روپے کی قدر کم ہونے سے اگلے چند ماہ میں برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی ہوگی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان ایکسپورٹ سست روی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔یہ بات درست ہے کہ پاکستان کی حکومت اور پرائیوٹ سیکٹر کے درمیان اچھے روابط نہیں رہے مگر پرامید ہیں کہ آئندہ چند ماہ میں پاکستان کی انڈسٹری میں اچھے حالات پیدا ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے لئے پاکستان میں ماحول کو سازگار بنایا جارہا ہے۔ حکومت سرمایہ کاری کے لئے آسانیاں اور پیداواری لاگت کم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔برٹش ائیرویز پاکستان میں اپنے آپریشن کا آغاز جلد کررہی ہے۔ یہ دیکھ رہے ہیں کہ مستقبل میں پاکستان کی انڈسٹری کہاں کھڑی ہوگی۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سیکیورٹی کلیئرنس پر حکومت غور کرے گی ۔