پنجاب: 17ہزار ٹیوب ویلز میں ’’زہر‘‘ کاانکشاف
جمعرات 31 جنوری 2019 3:00
پٹیالہ۔۔۔حکومت کی اسکیم ’’تندرست پنجاب ‘‘کے تحت فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈ منسٹریشن ،ضلع انتظامیہ اور پنجاب فضائی آلودگی بورڈ نے ٹیوب ویل بور میں کیمیکل ڈال کر پانی آلودہ بنانے والی کمپنی کا انکشاف کیا ہے۔ ٹیم نے ہزاروں کلو تیزاب اورمختلف کیمیکل سمیت دیگر اشیاء ضبط کرلیں۔کارروائی کے دوران کمپنی کا مالک موقع سے فرار ہوگیا۔رجسٹریشن اتھارٹی اور پٹیالہ کے ڈی سی امیت کمار کو اس کمپنی کا لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش کی۔ کمپنی کے ایک اہلکار نے تسلیم کیاکہ ہم گزشتہ 13سال کے دوران 17ہزار ٹیوب ویل بو ر میں ہزاروں کلوگرام کیمیکل ڈال چکے ہیں ۔’’تندرست پنجاب‘‘اسکیم کے ڈائریکٹر کاہن سنگھ پنو کی ہدایت پر کارروائی عمل میں آئی۔انہیں اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایم آر کیمیکل سیلز کارپوریشن نامی کمپنی ٹیوب ویل کیلئے کھودے جانے والے بورویل میں پانی کے اضافے اور غیر استعمال بند پڑے بورویل کو استعمال کے قابل بنانے کیلئے یہ کمپنی کیمیکل فروخت کرتی ہے۔تفتیشی ٹیم نے چھاپہ مار کر 50،50کلو گرام کے 100گیلن کیمیکل و تیزاب برآمدکرکے کمپنی کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔