بہار: 24گھنٹے میں 15افراد ہلاک،26زخمی
پٹنہ۔۔۔۔۔بہار کے بھاگلپور، دربھنگہ، نالندہ، مغربی چمپارن ، جموئی اور سوپول اضلاغ میں مختلف حادثات میں 15افراد ہلاک اور 26زخمی ہوگئے۔ بھاگلپور سے موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع نوگچھیا میں آگ سے جھلس کر ایک ہی خاندان کے 5افراد کی موت ہوگئی۔
*دربھنگہ کے صدر تھانہ علاقے کاکر گھٹی گاؤں کے قریب وین اور ٹرک میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں وین ڈرائیوراور اس میں سوار 2نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ان کی شناخت ضلع مظفر پور کے مینا پور علاقے کے محمد شعیب ، مہیش بھگت اور محمد (چھوٹو) کے طور پر ہوئی۔پولیس نے لاشیں دربھنگہ میڈیکل کالج منتقل کردیں۔
*نالندہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق ہلسا تھانہ علاقے کے ہلسا چکسورا شاہراہ پر دامودر گاؤں کے قریب 20فٹ گہرے کھڈ میں بس الٹ گئی جس میں 2افراد ہلاک اور 15زخمی ہوگئے۔
*مغربی چمپارن سے ملنے والی اطلاع کے مطابق بالمیکی نگر کے بھیڑیاہی گاؤں کے قریب آٹو رکشہ اور بس میں ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 4خواتین زخمی ہوگئیں۔
*جموئی سے موصول ہونیوالی اطلاع کے مطابق جھا جھا تھانہ علاقے کے سہجنا موڑ پر ٹرک کی زد میں آکر ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔ واقعہ کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے لاش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردی۔
*سوپول سے ملنے والی خبر کے مطابق ضلع سوپول کے تھانہ چین سنگھ پٹی گاؤں کے قریب آج 2آٹو رکشہ کے مابین زبردست تصادم ہوگیا جس میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک اور 6زخمی ہوگئے۔ مرنیوالے کی شناخت کشن پور کے مرلی گاؤں کے رہنے والے محمد طیب کے طور پر ہوئی۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال پہنچایااورلاش قبضے میں لیکٹر پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردی۔