یوپی:40ہزا ر کروڑ کی لاگت سے 3300کلو میٹر طویل 4رویہ شاہراہ کی تعمیرجلد
لکھنؤ۔۔۔۔وزیر ٹرانسپورٹ و قومی شاہراہ نتن گڈ کری انتخابات سے قبل اتر پردیش اور ہریانہ کو طویل قومی شاہراہ کا تحفہ دینے والے ہیں۔ دونوں ریاستوں کو40ہزار کروڑ سے زائد لاگت سے تیارکی جانیوالی سڑک اسکیموں کی منظوری 15فروری کومل جائیگی۔اس کے بعد تقریباً3300کلو میٹر طویل 4رویہ قومی شاہراہ تعمیر کی جائیگی۔اس سے اتر پردیش ، ہریانہ میں ٹریفک ازدہام پر قابو پایا جاسکے گا۔وزارت ٹرانسپورٹ و قومی شاہراہ کے سینیئر افسر نے بتایا کہ 15فروری کو10قومی شاہراہوں کی تعمیرکے منصوبوں کی منظوری مل جائیگی۔پہلے مرحلے میں 1581کروڑ کی لاگت سے علی گڑھ کانپور کے مابین 67کلو میٹر طویل شاہراہ تعمیر ہوگی۔پانچویں مرحلے میں 1504کروڑ روپے کی لاگت سے علی گڑھ کانپور کے وسط( 58کلو میٹر )،2277کروڑ کی لاگت سے 70کلو میٹرطویل اناؤ لال گنج ۔980کروڑ کی لاگت سے96کلو میٹر طویل میرٹھ نجیب آباد سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔دوسری جانب 5500کروڑ روپے کی لاگت سے (270کلو میٹر )پلیا،شاہجہانپور، ہردوئی ، لکھنؤاور 6500کروڑ روپے کی لاگت سے (215 کلو میٹر )متھرا ، ہاتھرس ، بریلی شاہراہ تعمیر ہوگی۔اس طرح اتر پردیش میں 3319کلو میٹر طویل 4رویہ قومی شاہراہ تعمیر کی جائیگی۔مذکورہ منصوبوں کی تکمیل کا ہدف ڈھائی سال مقررکیا گیا ہے ۔اطلاع کے مطابق محکمہ ہندوستانی قومی شاہراہ (این ایس اے آئی)کی جانب سے 40904روپے خرچ کئے جائیں گے۔