شہباز شریف بھی استعفی دیں،تحریک انصاف
اسلام آباد...وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی قیادت کے اجلاس میں پبلک اکاونٹس کمیٹی میں شہباز شریف کے کردار پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو این آر او مل جائے یہ نا ممکن ہے۔ ڈیل ہو گی نہ ڈھیل ہو گی ، بدعنوانی مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، علیم خان نے استعفیٰ دے کر شاندار روایت کا آغاز کیا۔شہباز شریف کی بھی اسی طرح کی سوچ ہونی چاہیے۔ بدھ کو وزیر اعظم کی صدارت میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس ہوا ۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ اجلاس میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 22سال کرپشن کے خلاف جدوجہد کی۔ یہ کوئی ذاتی لڑائی نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ کسی کو این آر او مل جائے یہ نا ممکن ہے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف نے پبلک اکاونٹس کمیٹی میں نیب کے لوگوں کو طلب کر کے دباو ڈالا ۔شہباز شریف،مسلم لیگ ن پی اے سی کو بدعنوانی مقدمات کیلئے ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں ۔ سعد رفیق کو اسی ڈھال کے لئے پی اے سی میں آنے کا کہا جا رہا ہے ۔ علیم خان نے نیب کی گرفتاری کے فوراً بعد عہدے سے استعفیٰ دیا۔ علیم خان جانتے ہیں انہوں نے اپنے عہدے کا استعمال کیے بغیر نیب مقدمات کا سامنا کرنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کی بھی اسی طرح کی سوچ ہونی چاہیے۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ شہباز شریف کے چیئرمین پی اے سی کے عہدے سے علیحدہ ہوں ۔