نیوزی لینڈنے ٹی ٹوئنٹی میں ہند کو روند دیا
ویلنگٹن:نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد ہند کو اس فارمیٹ کی سب سے بڑی شکست سے دوچار کرتے ہوئے 80رنز سے میچ جیت کر 3میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے 6وکٹوں کے نقصان پر219رنز بنائے لیکن مہمان ٹیم ہدف کے تعاقب میں139 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی ۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور کی دوسری گیند پر ہوا ۔ نیوزی لینڈکی جانب سے اوپنر اور وکٹ کیپر ٹم سیفرٹ نے 84رنز کی فتح گر اننگز کھیلی اورمین آف دی میچ بھی قرار پائے ۔ سیفرٹ نے43گیندوں کا سامنا کیا اور 6چھکوں کے علاوہ7چوکے بھی لگائے ۔کولن منرو اورکپتان کین ولیمسن نے 34،34رنز کی اننگز کھیلیں۔ روس ٹیلر نے23جبکہ اسکاٹ نے ناقابل شکست20 رنز بنائے ۔ ہند کی جانب سے ہردک پانڈیا نے 2 وکٹیں لیںاور 51 رنزدے کر سب سے مہنگے بولر بھی ثابت ہوئے ۔ہندوستانی بیٹنگ لائن ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کیوی بولرز کا جم کر سامنا نہ کر سکی ۔ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی 39 جبکہ اوپنر شیکھر دھون 29رنز بنا سکے ، وجے شنکر27اورکرونل پانڈیا20 رنز بنا کر لوٹے جبکہ 19.2اوورز میں ہندوستانی ٹیم 139رنز پر آوٹ ہو کر 80رنز سے شکست کھا گئی جو اس فارمیٹ میں رنز کے حساب سے اس کی سب سے بڑی شکست ہے۔کیوی بولر ٹم ساوتھی نے3 اور لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر اور اش سوڈھی نے 2،2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ایک وکٹ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے ڈیرل مچل کے حصے میں آئی جو بیٹنگ کے دوران8رنز بنا سکے تھے۔کیوی اوپنر ٹم سیفرٹ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ ان کی اننگز ہی اس میچ میں بنیادی فرق ثابت ہوئی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں