پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری
اسلام آباد: کے پی کے حکومت کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں مسلسل عدم حاضری کی بنا پر صوبائی وزیر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے، اس کے علاوہ تحریک انصاف کے 26 کارکنوں کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اسد عمر اور شفقت محمود کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی دی گئی درخواست منظور کرلی جبکہ صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کی بریت کی درخواستوں پر آئندہ سماعت پر بحث ہوگی۔ بعد ازاں عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت کے خلاف 2014ءمیں پی ٹی آئی کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں 126 دن طویل دھرنا دیا گیا تھا، اس دوران اس احتجاج کو پاکستان عوامی تحریک کی حمایت اور ساتھ بھی حاصل تھا جبکہ دونوں جماعتوں کے کارکنان نے دھرنے کے دوران ہنگامہ آرائی کی اور پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر دھاوا بھی بولا۔