دہلی :انسداد بدعنوانی کے اختیارات مرکز کے پاس ہونگے، سپریم کورٹ
جمعرات 14 فروری 2019 3:00
نئی دہلی۔۔۔سپریم کورٹ نے جمعرات کو مرکزی اور دہلی حکومتوں کے درمیان اختیارات سے متعلق درخواستوں پر اپنا فیصلہ سنایا۔ جسٹس ا ے کے سیکری اور جسٹس اشوک بھوشن کی بنچ نے انتظامی افسران کی تقرری اور تبادلہ پر مختلف رائے پیش کرتے ہوئے واضح کیاکہ دہلی پولیس کا کنٹرول دہلی حکومت کے پاس نہیں بلکہ مرکز کے پاس ہو گا۔ جسٹس سیکری نے کہا کہ انسداد بدعنوانی بیورو ( اے سی بی) کا کنٹرول لیفٹیننٹ گورنر کے پاس رہے گا۔جسٹس بھوشن نے کہا کہ انتظامی خدمات دہلی حکومت کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں۔ اس مسئلے پر 3 ججوں کی بنچ فیصلہ سنائیگی۔ انتظامی افسران کی تقرری اور تبادلہ کے علاوہ جسٹس اشوک بھوشن نے جسٹس سیکری کے فیصلوںپر رضامندی ظاہری کی۔ جسٹس سیکری نے کہا کہ بجلی بورڈ اور پبلک پراسیکیوٹر کی تقرری کا اختیار دہلی حکومت کے پاس ہوگاجبکہ مرکزی حکومت کے پاس جانچ کے اختیارات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں دونوں حکومتوں کے درمیان ایک دوسرے سے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہیں سمجھنا چاہئے کہ وہ عوامی خدمات کیلئے منتخب کئے گئے ہیں۔واضح ہو کہ گزشتہ سال4 جولائی کو سپریم کورٹ کی5 رکنی آئینی بنچ نے کہا تھا کہ قانون بنانا دہلی حکومت کا اختیار ہے۔بنچ نے متفقہ طور پر اس بات کوتسلیم کیا تھاکہ اصل اختیار کابینہ کے پاس ہے اور منتخب حکومت سے ہی دہلی کا نظام چلے گا۔عدالت نے کہا تھا کہ قانون اور نظم و نسق، پولیس اور زمین کو چھوڑ کر باقی معاملات میں لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کو آزادانہ طور پر فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ،وہ کابینہ کے تعاون و مشوروں سے کام کرینگے۔