سعودی پیکیج سے متعلق نواز شریف کا دعویٰ
جمعرات 14 فروری 2019 3:00
لاہور: ن لیگ کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ موٹر ویز سمیت ہیلتھ کارڈز اور دیگر منصوبے ہماری حکومت کے ہیں جبکہ تحریک انصاف کی حکومت ہمارے ہی منصوبے لانچ کررہی ہے جن کا کریڈٹ لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی بات چیت بھی ان ہی کے دور میں طے ہوئی تھی اور ولی عہد نے امدادی پیکیج بھی ان ہی کے ساتھ طے کیا تھا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی بات چیت میرے دور میں فائنل ہوئی تھی جبکہ سعودی امدادی پیکیج ولی عہد نے میرے ساتھ طے کیا تھا، البتہ بین الاقوامی معاملات طے ہونے میں وقت لگتا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم اقتدار میں ہوتے تو آج لوگ اورنج لائن ٹرین میں سفر کررہے ہوتے، لاہور ملتان موٹروے تیار چھوڑ کرآئے، ان سے وہ بھی مکمل نہیں ہوپارہی۔ لاہور ملتان موٹروے کا ان سے لاہور میں انٹرچینج نہیں بن پارہا جبکہ ہمارے دور میں بلوچستان میں ہائی ویز کا جال بچھ گیا تھا۔ ہمارے منصوبوں کا کریڈٹ ضرور لیں لیکن عوام کے لیے انہیں کھول تو دیں۔ایک ملاقاتی کی جانب سے صحت کی حالت پوچھنے پر نواز شریف نے شعر پڑھا کہ ’ صبح ہوتی ہے شام ہوتی ہے عمر یوں ہی تمام ہوتی ہے ‘۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہم نے شروع کیا تھا، کرکٹ کی ترقی کے لیے دعاگو ہوں۔