یہ پیج اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا
اہم نکات:
-
وزیرِاعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
-
یہ ایف آئی آرز نہیں بلکہ ڈگریاں ہیں: علی امین گنڈاپور
-
زندگی میں کبھی ایسی بربریت کا مظاہرہ نہیں دیکھا: مریم نواز
-
03 دسمبر تک موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں کامیاب قرار: وزیر مذہبی امور
-
مسلح افواج قوم کی حمایت سے تمام خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں: آرمی چیف
-
عمران خان کی اہلیہ کی 27 مقدمات میں 23 دسمبر تک راہداری ضمانت
-
بلوچستان میں سوشل میڈیا کے خلاف کریک ڈاون، سینکڑوں اکاؤنٹ بلاک
-
وزیر داخلہ کی چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے پلان پر عملدرآمد کی ہدایت
وزیرِاعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
سعودی دارالحکومت پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبد العزیز نے وزیرِاعظم کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستان کے سعودیہ میں سفیر احمد فاروق، پاکستانی و سعودی اعلی حکام بھی موجود تھے.
وزیرِ اعظم سعودی عرب، فرانس، قزاقستان اور عالمی بینک کے اشتراک سے منعقدہ ون واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔
03 دسمبر تک موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں منظور: وزیر مذہبی امور
وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ 03 دسمبر تک موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں منظور کر لی گئی ہیں۔
منگل کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تفصیلات کے مطابق چوہدری سالک حسین نے کہا کہ 18 نومبر تا 03 دسمبر حج درخواستیں جمع کرانے والے تمام عازمینِ حج کو کامیاب قراردے دیا گیا۔
سپانسرشپ سکیم میں موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں بھی کامیاب قرار دی گئی ہیں۔
زندگی میں کبھی ایسی بربریت کا مظاہرہ نہیں دیکھا: مریم نواز
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے کے بارے میں کہا ہے کہ انہوں نے زندگی میں کبھی ایسی بربریت اور ظلم و تشدد کامظاہرہ نہیں دیکھا۔
منگل کو لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی ورکرز کی بربریت اور بے رحمانہ تشدد سے 172پولیس اہلکار زخمی ہوئے، بیشترکی حالت نازک ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیر علاج زخمی اہلکاروں کی حالت دیکھ کر شرم آتی ہے کہ مارنے والے ہمارے لوگ ہیں۔ کیلوں والے ڈنڈوں اور رائفل کے بٹ سے جتھو ں نے سکیورٹی اہلکاروں کو الگ الگ کرکے مارا۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’پولیس کو ہدایت کی گئی تھی گولی نہیں چلانی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پنجاب میں 10 ہزار تربیت یافتہ سکیورٹی اہلکاروں کی انسداد فسادات کے لیے خصوصی فورس قائم کی جائے گی۔‘
یہ ایف آئی آرز نہیں بلکہ ڈگریاں ہیں: علی امین گنڈاپور
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے حکومت کی طرف سے ان پر درج کیے گئے مقدمات کے بارے میں کہا ہے کہ یہ ایف آئی آرز نہیں بلکہ تعلیمی اسناد ہیں۔
منگل کو پشاور کی ایک یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آج جب میں تقریب کے آ رہا تھا تو ایک شخص نے کہا کہ اس پر ایف آئی آر درج ہوئی ہے تو میں نے کہا کہ یہ ایف آئی آرز نہیں ڈگریاں ہیں کیونکہ ہم تو ان کو ڈگریاں سمجھ رہے ہیں۔‘
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ’مجھ پر 256 ایف آئی آرز درج ہوئی ہیں، دوسری ڈگریاں میری زندگی میں بہت کم رہی ہیں۔‘
شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر روانہ، آج ون واٹر سمٹ میں شرکت کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر سعودی عرب کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ آج ’ون واٹر سمٹ‘ میں شرکت کریں گے۔
پرائم منسٹر آفس کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
تین اور چار دسمبر کو ہونے والا یہ سمٹ سعودی عرب، فرانس، قازقستان اور عالمی بینک کا مشترکہ اقدام ہے، جس کا مقصد عالمی تعاون اور اعلٰی سطحی سیاسی یقین دہانیوں کے ذریعے آبی وسائل کے انتظام کے لیے مربوط بین الاقوامی نقطہ نظر کو فروغ دینا ہے۔
عمران خان کی اہلیہ کی 27 مقدمات میں 23 دسمبر تک راہداری ضمانت
منگل کو پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس وقار احمد نے سماعت کی۔ عمران خان کی اہلیہ کے وکیل عالم خان ایدینزئی نے کہا کہ ان کی موکلا نے 27 مقدمات میں راہداری ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہیں، جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ انہیں پابند کریں کہ متعلقہ عدالت میں پیش ہوں۔
مسلح افواج قوم کی حمایت سے تمام خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں: آرمی چیف
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ’پاکستان کی مسلح افواج قوم کی حمایت کے ساتھ تمام خطرات کے خلاف ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔‘
منگل کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے نارووال اور سیالکوٹ کے قریب فیلڈ ٹریننگ مشق میں حصہ لینے والے فوجیوں سے ملاقات کی۔
’انہیں مشق کے مقاصد اور انعقاد کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد پیشہ ورانہ مہارتوں اور میدان جنگ کے طریقہ کار کو بہتر بنانا تھا جو ابھرتے ہوئے آپریشنل چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ضروری ہیں۔‘
دھرنوں میں قانون پامال کرنے والوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں: وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنوں میں قانون پامال کرنے والوں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو زخمی کرنے والوں اور جان سے مارنے والوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔
منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے پرتشدد مظاہرے کی تحقیقات کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ’موقع واردات سے اسلحہ، فائرنگ کے نتیجے میں ملنے والے کارتوس اور خول اور دیگر شواہد اکٹھے کیے جا چکے ہیں، تمام شواہد فارنزک کے لیے بھیجے جائیں گے۔‘
بلوچستان میں سوشل میڈیا کے خلاف کریک ڈاون، سینکڑوں اکاؤنٹ بلاک
خرم شہزاد، اُردو نیوز، اسلام آباد