Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی عید الفطر پر مبارک باد

’دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی ہماری نیکیوں کو قبول فرمائے‘(فوٹو، ایکس اکاونٹ )
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے عید الفطر کے موقع پر سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں و ملت اسلامیہ کو مبارک باد دی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے عید الفطر کی مبارک باد کے پیغام کا متن وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے پڑھ کرسنایا۔
شاہ سلمان کی جانب سے جاری عیدالفطر کی مبارک باد کے پیغام میں کہا گیا ’رب تعالی کی حمد وثنا کے بعد سعودی شہریوں، مملکت میں مقیم غیرملکیوں ، زائرین حرم اور ملت اسلامیہ کو عید الفطرمبارک ہو، دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی ہماری نیکیوں کو قبول فرمائے‘۔
پیغام میں مزید کہا گیا ’اللہ رب العزت نے ہمارے ملک کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جن میں سب سے اہم حرمین شریفین کے زائرین و عازمین حج کی خدمت کا فریضہ شامل ہے ، اس ضمن میں ہماری کوشش ہوتی ہے کہ زائرین و عازمین کو انکے اس مقدس سفر میں ہر طرح سے سہولت فراہم کریں تاکہ وہ مکمل اطمینان اور سکون سے اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزاریں‘۔
’ہم رب کریم کے شکر گزار ہیں کہ رمضان المبارک میں لاکھوں عمرہ زائرین کی خدمت کا موقع فراہم کیا ، اس حوالے سے مملکت کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے وطن کے بیٹے اور بیٹیوں کی جانب سے کی گئی پرخلوص کوششوں کو بھی سراہتے ہیں جو انہوں نے زائرین کی خدمت کے لیے پیش کیں‘۔
مبارک باد کے پیغام کے آخر میں شاہ سلمان نے کہا ’ ہم رب تعالی سے دعا گو ہیں کہ  مملکت ، ملت اسلامیہ اور ساری دنیا میں امن و استحکام و خوشحالی کو برقرار رکھے ‘۔

شیئر: