اسلام آباد...سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے2روزہ دورہ پاکستان میںسرمایہ کاری و تجارتی تعلقات کو اولین ترجیح د یتے ہوئے 20ارب ڈالر کے معاہدوں و ایم او یوز پر دستخط کئے گئے ۔ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے اور حل طلب معاملات کے حل کےلئے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کی گئی ۔ وزیراعظم ہاوس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ہونے والا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا ۔ دورے میں پاک ،سعودی تعلقات میں نئے باب کی بنیاد رکھی ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کا از سر نو اعادہ کیا گیا ۔ تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات میں تیزی کو سراہا گیا ۔ سعودی عرب کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی ہندکو مذاکرات کی پیشکش بشمول کرتار پر راہداری کے کھولنے کے اقدام کی تعریف کی گئی ۔ دونوں فریقین نے اس بات کو زور دیا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے اور حل طلب معاملات کے حل کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد کو کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق بھی بریف کیا۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ دونوں ممالک کا علاقائی امن و سلامتی اور مسلم امہ کو درپیش چیلنجز،بین المذاہب ہم آہنگی، دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت دیگر عالمی معاملات پر یکساں موقف ہے ۔