غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 65 افراد ہلاک، جنگ بندی کے لیے نئے مذاکرات شروع
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 45 ہزار 717 فلسطیی ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فلسطین کے طبی حکام نے کہا ہے کہ سنیچر کی صبح غزہ شہر میں ایک گھر پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد گذشتہ روز سے غزہ میں ہونے والے حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 65 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب ثالثوں نے قطر میں جنگ بندی کے لیے مذاکرات کا نیا دور شروع کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رہائشیوں اور طبی ماہرین نے بتایا کہ الغولہ خاندان کے گھر میں کم از کم 14 افراد موجود تھے جب صبح سویرے حملہ ہوا جس سے عمارت تباہ ہو گئی۔ لوگوں نے ملبے کے نیچے دبے ممکنہ زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش کی لیکن طبی ماہرین نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔
الغولہ خاندان کے پڑوسی احمد عیان نے بتایا کہ ’رات تقریباً دو بجے ہم ایک بڑے دھماکے کی آواز سے بیدار ہوئے۔ گھر میں 14 یا 15 افراد مقیم تھے۔‘
’ان میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں، یہ سب عام شہری ہیں، وہاں کوئی بھی ایسا نہیں ہے جس نے میزائل چلایا ہو، یا مزاحمت کرنے والوں میں شامل ہو۔‘
اس حملے کے حوالے سے اسرائیلی فوج نے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
جنگ بندی کی کوششیں
حالیہ دنوں میں اسرائیلی کارروائیوں میں اضافے اور فلسطینیوں کی ہلاکتوں کے درمیان ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 جنوری کو امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے سے قبل غزہ میں 15 ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے اور اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی کی کوششیں دوبارہ سے شروع کر دی گئی ہیں۔
اسرائیلی ثالثوں کو قطری اور مصری ثالثوں کی ثالثی میں دوحہ میں مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے روانہ کیا گیا اور بائیڈن انتظامیہ، جو ثالثی میں مدد کر رہی ہے، نے جمعے کو حماس پر زور دیا کہ وہ ایک معاہدے پر رضامند ہو۔
حماس نے کہا کہ وہ ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ دونوں فریق (معاہدے کے) کتنے قریب ہیں۔
سات اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس میں اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق 1200 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 250 افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔
اس حملے کے جواب میں اسرائیل نے حماس کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے غزہ پر حملہ کیا جس میں اس تنگ سی پٹی کے تمام تر انفراسٹکچر کو تباہ کر کے رکھ دیا گیا ہے اور تقریباً تمام آبادی ہی بے گھر ہو چکی ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 45 ہزار 717 فلسطیی ہلاک ہو چکے ہیں۔