ریاض: پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ میں کھیلوں کے سالانہ مقابلے
پاکستان انٹرنیشنل ا سکول (ناصریہ ،ریاض) کے پرنسپل ائیر کموڈور(ر) نعیم اختر نے اسکول کے سالانہ کھیلوں کا افتتاح کیا اور خطاب میں کھیلوں کی اہمیت اور افادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کھیل صحتمندی کی ضمانت ہو ا کرتے ہیں اور ذہنی نشو نما اور تندرستی کا باعث بنتے ہیں۔
سینیئر بوائز ونگ -1میں نتائج کے مطابق کرکٹ کے مقابلوں میں جناح ہاوس فاتح رہا جبکہ والی بال میں اقبال ہاوس ، باسکٹ بال میں عبدالقدیر خان ہاوس ، فٹ بال میں جناح ہاوس، بیڈمنٹن میں عبدالعزیز ہاوس اور ٹیبل ٹینس میں عبدالقدیر خان ہاوس فاتح رہے۔ مجموعی طور پر ہاوس اآف دی ائیر عبدالقدیر خان ہاوس رہا جبکہ اقبال ہاوس دوئم اور جناح ہاوس تیسرے نمبر پر رہا اور محمد قاسم کلاس دہم ای عبدالقدیر ہاوس نے پلیئر اف دی ائیر کا اعزاز حاصل کیا۔
کھیلوں کے ہفتہ کے اختتام پرجلسہ تقسیم انعامات کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ، اسپورٹس ڈائریکٹر محمد آصف مغل نے نظامت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے ا سپورٹ ویک کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مہمان خصوصی ویلفیئر کونسلر سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ریاض اور ا سکول لنک آفیسر شیخ عبد الشکور کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیئرمین ا سکول مینجمنٹ کونسل ڈاکٹر رجب علی خواجہ اور سیکریٹری ا سکول مینجمنٹ کونسل مرزا محمد افضل کی تشریف آوری پر بھی شکریہ ادا کیا۔
مہمان خصوصی شیخ عبدالشکور نے اپنے خطاب میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی اور ہارنے والوں کو محنت اور جدوجہد جاری رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اسکول کی ترقی کیلئے اساتذہ کرام کی خدمات کو سراہا اور طلباء کو نصیحت کی کہ وہ اساتذہ اور والدین کی ہدایات پر عمل کرکے اپنے کردار اور شخصیت میں نکھارلانے کی کوشش کریں تاکہ ملک قوم کی نیک نامی کا باعث بن سکیں۔
چیئر مین ا سکول مینجمنٹ کونسل ڈاکٹر رجب علی خواجہ نے کھیلوں میں حصہ لینے والے تمام طلبا ءکو مبارکباد دی اور کہا کہ طلباء کو صحتمند رہنے کیلئے کھیلوں میں ضرورحصہ لینا چاہئے ۔ انہوں نے ہارنے والے کھلاڑیوں کو ہمت نہ ہارنے اور عزم و ہمت سے کامیابی کی طرف بڑھتے رہنے کی تلقین بھی کی۔آخر میں مہمان خصوصی عبد الشکور شیخ ، چیئر مین ، سیکریٹری ا سکول مینجمنٹ کونسل، پرنسپل اور وائس پرنسپل نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ مہمان خصوصی کو چیئرمین ڈاکٹر رجب علی خواجہ اور پرنسپل ائیر کموڈور (ر) نعیم اختر نے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔
سینیئر گرلز ونگ -1 میں بھی سالانہ کھیلوں کے ہفتے کا اہتمام کیا گیا جس کی منتظم اعلیٰ وائس پرنسپل مسز فوزان عظیم بھٹی اور منتظم مسز شازیہ جبیں تھیں۔ کھیلوں میں باسکٹ بال،بیڈ منٹن ،تھروبال ،ٹیبل ٹینس اور رِنگ ریس وغیرہ کے مقابلے شامل تھے۔ سالانہ ا سپورٹس ڈے پر نظامت کے فرائض مسز فرح ماجد نے انجام دئیے۔مہمان خصوصی مسز شزیٰ عدنان تھیں۔ آپ دوران تعلیم کالج کی والی بال ٹیم کی کیپٹن رہی ہیں اورسوشل ورک سے بھی منسلک ہیں۔دیگر مہمانان گرامی میں مسزڈاکٹر محمد طلحہ اور مسز ڈاکٹر عبیداللہ شامل تھیں۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت گیارہویں جماعت کی طالبہ حنین نے حاصل کی۔ مہمان خصوصی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔اس کے بعد جماعت ہشتم کی طالبات نے خوبصورت پی ٹی شو پیش کیا۔شائقین کی تفریح کیلئے مزاحیہ خاکے اور علاقائی رقص کا بھی اہتمام تھا ۔
پروگرام کے آخر ی مرحلے میں محترمہ شزیٰ عدنان نے جیتنے والی طالبات کو میڈل اور تعریفی سرٹیفکیٹ دئیے۔ اوور آل پہلی پوزیشن عبدالقدیر ہاوس نے حاصل کی۔ اقبال ہاوس اور ٹیپو ہاوس نے دوسری ، جناح ہاوس نے تیسری اور عبدالعزیز ہاوس نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔بہترین کھلاڑی کا اعزاز سال گیارہویں جماعت کی طالبہ حنیفہ خان نے حاصل کی۔مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں جیتنے والی تمام طالبات کو مبارکباد پیش کی اور ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ وائس پرنسپل اور مسز شازیہ جبیں کو اتنا اچھا پروگرام منعقد کرنے پر سراہا اور آئندہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہا ر کیا۔وائس پرنسپل نے خطاب میں مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ نظم و ضبط قائم رکھنے پر طالبات کی تعریف کی اور آنے والے دنوں میں دل لگا کر پڑھنے کی تلقین کی۔ ایک اچھا پروگرام منعقد کرنے پر تمام اساتذہ کو سراہا۔
3۔ (SBW-II) کے اسپورٹس ویک میں ایتھلیٹکس (100 میٹر، 50 میٹر، 3 ٹانگوں والی دوڑ اور رسہ کشی) بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس، والی بال، باسکٹ بال اور کرکٹ کے کھیل شامل تھے۔ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیاگیا۔ جماعت پنجم اے کے طالب علم احمد نعیم کی تلاوت کلامِ پاک سے تقریب کاآغازہوا۔ مہمانِ خصوصی ریاض شہرکی مشہور شخصیت حنیف بابر تھے۔ اسٹوڈنٹ مینجمنٹ کونسل کے سیکریٹری مرزامحمد افضل بھی ان کے ہمراہ تھے۔مہمانِ خصوصی اور سیکریٹری نے پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔
معزز مہمان گرامی نے اساتذہ اورطلباءسے خطاب کیااور ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ بچپن کی یادیں تازہ کیں۔تقریب کے اختتام پر ونگ ہیڈ تنویراحمد نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی گوناگوں مصروفیات میں سے وقت نکالا اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے اس تقریب کے کامیاب انعقاد پر پورے اسٹاف کی کوششوں کو سراہا اور مختلف کمیٹیوں اور ان کے اراکین کی فرداًفرداً تعریف کی کس کے بعد یہ پروقار تقریب اختتام کو پہنچی۔
4۔ سینیئر گرلز ونگ 2 کے کھیلوں کے مقابلوں کا افتتاح پرنسپل ( ریٹائرڈ ) ایئر کموڈور نعیم اختر نے کیا۔ طالبات نے اساتذہ کرام کی رہنمائی میں کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔جن میں تھرو بال، ڈیک ٹینس،ٹیبل ٹینس، بیڈ منٹن، رکاوٹوں والی دوڑ، سادہ اور مختلف قسم کی دوڑیں نمایاں تھیں۔ پروگرام کی منتظمین مسز انجم طارق ، مسز لبنیٰ اکرم ،مسز نازیہ شعیب اور مسز سنیلہ حنیف تھیں۔
مہمانِ خصوصی محترمہ مسز رفعت گوہر ( وائف آف وائس پرنسپل بوائز)، محترمہ وائس پرنسپل مسز فوزان عظیم بھٹی اور ونگ انچارج مسز نصرت ناہید کی ہمراہی میں تشریف لائیں توجونیئرطالبہ کی طرف سے گلدستہ پیش کیاگیا ، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔بہترین کھلاڑی میمونہ شمس ہفتم سی نے مشعل روشن کی۔ بعد ازاں مسز صائمہ امیر کی رہنمائی میں جونیئر طالبات نے خوبصورت ٹیبلو پیش کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا۔جماعت ہفتم کی طالبات نے مسز سحر لطیف اور مسز نصرت نذیر کی زیرنگرانی شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ مجموعی طور پر جناح ہاوس اول، ٹیپو ہاوس دوم اوراقبال ہاوس نے سوم پوزیشن حاصل کی۔مہمان خصوصی اور ونگ انچارج کو ا سٹیج پر آنے کی دعوت دی گئی تاکہ جیتنے والی طالبات میں ٹرافی ،انعامات اور تحائف تقسیم کریں۔مہمان خصوصی مسز رفعت گوہر کو اسکول کی طرف سے اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ ونگ انچارج نے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ایس ایم سی ممبران،پرنسپل اور وائس پرنسپل کے تعاون پرخصوصی شکریہ ادا کیا۔اساتذہ کرام کی محنت اور طالبات کے جوش و جذبے کو شاندار الفاظ میں سراہا اور منتظمین کی جانفشانی کی تعریف کی۔
مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل طالبات کی ذہنی ا ور جسمانی نشوونما کیلئے ضروری ہیں۔ نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں طالبات کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے طالبات اور اساتذہ کیلئے تعریفی کلمات ادا کئے اوراسکول کی کارکردگی کو خوبصورت الفاظ میں سراہا۔دعا اور قومی ترانے کے ساتھ اس خوبصورت اور پر رونق تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں