نئی دہلی۔۔۔ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان منگل کو دورہ ہند پر نئی دہلی پہنچ گئے۔وزیر اعظم مودی نے پروٹو کول توڑکر ولیعہد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ان کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان باہمی دلچسپی کے بہت سارے امور پر ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ مذاکرات کرینگے۔ وہ ہندوستانی صدر رام ناتھ کووند اور نائب صدر وینکیا نائیڈو سے بھی ملاقاتیں کریںگے۔ ہندوستانی اخبارات کی اطلاعات کے مطابق ولی عہد بنیادی ڈھانچے اور انویسٹمنٹ کے نیشنل فنڈ میں ابتدائی سرمایہ کاری کا اعلان کریںگے۔ ہندوستان کا یہ نیم سرکاری ریاستی فنڈ شاہراہوں اور بندرگاہوں کی تعمیر کے کام تیزی سے انجام دینے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ ہندوستانی عہدیدار نے توقع ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب زرعی فارموں میں بھی سرمایہ لگائے گا اور ہندوستان سے غذائی اشیاءکی درآمد کا دائرہ وسیع کریگا۔ ولی عہد کے دورہ ہند کے موقع پر سیاحت اورکسٹم کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونگے۔ بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری کا طریقہ کار بھی طے کیا جائیگا۔ ہندوستان سندھ تمدن کا وارث مانا جاتا ہے۔ یہ رقبے کے لحاظ سے دنیا کا ساتواں اور آباد ی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے۔ سعودی عرب اور ہندوستان جی 20کے ممبر ہیں۔ اس دورے کے نتیجے میں بہت سارے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ ہندوستان، سعودی عرب کا اہم تجارتی شریک ہے نیز گزشتہ برسوں کے دوران دونوں ممالک نے متعدد اہم شعبوں میں باہمی تعاون کا نیا آغاز کیا ہے۔مبصرین کا خیال ہے کہ ولی عہد کے دورہ ہند کے دوران متعدد اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے متعدد منصوبوں کا اعلان ہوگا۔ولی عہد اور ہندوستانی حکام کے درمیان تیل، توانائی اور شمسی توانائی کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے متعلق اہم مذاکرات بھی متوقع ہے۔