ہندوستانی جیل میں پاکستانی قیدی کی ہلاکت پرتشویش ہے،دفتر خارجہ
اسلام آباد/نئی دہلی... راجستھان کے شہر جے پور کی سینٹرل جیل میں قیدیوں نے پاکستانی قیدی کو پتھر مار مار کر ہلاک کرد یا۔راجستھان کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کپل گرگ کے مطابق سینٹرل جیل میں پاکستانی قیدی کا قتل ہوگیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ اور پولیس تحقیقات کرے گی۔ جیل کے ایک اہلکار کے مطابق50سالہ شاکر اللہ پاکستانی پنجاب کے سیالکوٹ کا رہائشی تھا ۔ وہ پتھر سے مارے جانے کے دوران سر پر ایک بڑا پتھر لگنے سے ہلاک ہوگیا۔انسپکٹر جنرل (جیل) روپیندر سنگھ نے کہا کہ شاکر اللہ 2011سے جیل کی اسپیشل سیل میں تھا ۔اسے دہشت گردوں کو مالی امداد بہم پہنچانے کے الزام میں 2010 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ 2017 میں اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ حکام نے دعوی کیا کہ شاکر اللہ کی ہلاکت جیل میں ٹی وی کی آواز اونچی ہونے پر جھگڑے کے دوران ہوئی۔ ہلاکت میں 4 ساتھی قیدیوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ دریں اثناءپاکستانی ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قیدی شاکر اللہ کو قتل کئے جانے کی خبروں پر تشویش ہے۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ہندوستانی حکام سے رابطہ کیا ہے اور ہندوستانی حکام سے واقعہ کی تفصیلات طلب کی ہیں۔دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ ہند اپنی جیلوں میں قید پاکستانیوں اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔واضح رہے کہ پاکستانی قیدی کی ہلاکت کا معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے۔ جب پلوامہ حملے کے بعد ہند میں انتہا پسندی اور اشتعال انگیزی پر مبنی رد عمل دیا جا رہا ہے۔