اسلام آباد... پاکستان نے سفارتکاروں کو ہراساں کرنے اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر مظاہرین کی جانب سے زبردستی اندر گھسنے کی کوشش کی پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے سفارتی آداب کی خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا پاکستانی سفارتکاروں اور ان کے خاندان کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکی آمیز فون کالز بھی آرہی ہیں۔ پاکستان ہائی کمیشن کے باہر مظاہرین نے گیٹ سے زبردستی اندر گھسنے کی کوشش بھی کی۔ سفارتی عملے سے متعلق نامناسب زبان کا استعمال کیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ نے ہائی کمیشن کی ناقص سیکیورٹی پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ہند سیکیورٹی ناکامی کے وا قعہ کی تحقیقات کرے ۔مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جائیں۔