Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ : 64 غیر منظم محلوں کو جدید سیکٹرز میں تبدیل کرینگے،میئر

جدہ ۔۔۔ جدہ کے میئر صالح الترکی نے اعلان کیا ہے کہ شہر کے 64 غیر منظم محلوں کو بہت جلد عصری طرز کے سیکٹرز میں تبدیل کردیا جائے گا۔ الرویس محلے کے مسائل حل کرنے کیلئے نیا طریقہ کار منظور کرلیا گیا ہے۔ وہ بدھ کو کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی جدہ کی فیکلٹی آف اکنامی و مینجمنٹ کے زیر اہتمام ہونے والے علمی مکالمے کے شرکاءسے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اب وزارت بلدیات و دیہی امور ، جدہ میونسپلٹی اور وزارت خزانہ کے درمیان تضادات ختم ہوگئے ہیں۔ سب مل جل کر واضح حکمت عملی کے مطابق کام کررہے ہیں۔ ہمارے مدنظر قومی تبدیلی پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی محلے میں فٹ پاتھ نہ ہو، پانی کی ترسیل اور گندے پانی کی نکاسی کا انتظام نہ ہو یہ منظرنامہ ناقابل قبول ہے۔ ان سارے مسائل کو منصوبہ بند طریقے سے حل کیا جائے گا۔ الترکی نے اطمینان دلایا کہ شہر میں صفائی ، عوامی پارکوں کا انتظام، سڑکوں کی استر کاری اور اسٹریٹ لائٹس جیسے خدمات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی۔ اس پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ جدہ کو دنیا کے 100 بہترین شہروں میں شامل کرانے تک یہ مشن جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ ماضی میں جدہ کے بیشتر منصوبے جنوبی ابحر سے لے کر فلسطین اسٹریٹ تک محدود تھے۔ اب ہم نے شہر کے مشرقی اور جنوبی قدیم حصوں کا رخ کیا ہے ہر حصے کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ عمارتوں کے غلط ڈیزائن پر 650 آرکیٹکٹ ایجنسیاں بند کرا چکے ہیں۔ آٹھ ماہ کے دوران جدہ کے محلوں کو 90 فیصد تک پانی کی سپلائی فراہم کردی گئی ہے۔ کئی انڈر پاس زیر تکمیل ہیں تاکہ ٹریفک ازدحام پر قابو پایا جاسکے۔ 
 

شیئر: