Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2018 ءمیں ابشر کے ذریعے 50 لاکھ سے زیادہ معاملات انجام دیئے گئے ، جوازات

ریاض.... محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ 2018ءکے دوران ابشر سسٹم کے تحت سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں نے 50 لاکھ سے زیادہ معاملات انجام دیئے۔ ابشر سسٹم سے اس وقت 11 ملین افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ محکمہ پاسپورٹ کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ابشر کے تحت آن لائن معلومات کا حصول بھی ممکن ہے۔ غیر ملکیوں کے اقاموں کی مدت کے علاوہ خروج و عودة ، فنگر پرنٹ ، حج ادائیگی کے بارے میں معلومات کے علاوہ سفر کی تمام معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ شہری و غیر ملکی ابشر کے ذریعے کسی دوسرے شخص کو اپنے معاملات انجام دینے کی ذمہ داری بھی تفویض کرسکتا ہے۔ ابشر کے 6 بنیادی مقاصد ہیں جن میں جوازت کے دفتر سے رجوع کرنے والوں کی تعداد میں کمی، آن لائن خدمات کی باآسانی فراہمی، مختلف سرکاری اداروں کا باہم ربط جعلسازی کا انسداد ، شعبہ پاسپورٹ کے اہلکاروں کیلئے آسانی، مختلف سرکاری معاملات کی انجام دہی میں سہولت اور 24 گھنٹے میں کسی بھی وقت ابشر سے منسلک کوئی بھی معاملہ انجام دیا جاسکتا ہے۔ ابشر سسٹم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے معاملات انجام دینے کی کوئی اضافی فیس طلب نہیں کی جاتی۔ صارفین گھر بیٹھے لاگ ان ہوکر اپنے معاملات انجام دے سکتے ہیں۔ انہیں لائنوں میں لگنے اور اپنی باری کے انتظار کی کوفت سے چھٹکارا مل چکا ہے۔ واضح رہے کہ ابشر سسٹم 2015 ءمیں متعارف کرایا گیا تھا۔ یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے اس سے قبل اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا تھا کہ ابشر سسٹم شہریوں و مقیم غیر ملکیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہے۔ یہ لوگوں کی نگرانی کا قطعی طور پر ذریعے نہیں۔ 
 

شیئر: