بدعنوانی کی بیخ کنی کا سفر جاری
سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ نذ ر قارئین ہے
سعودی عرب پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ عدل و انصاف کے تقاضے پورے کررہا ہے اور شفافیت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ملکی وسائل اور حاصل شدہ کارناموں کو تحفظ فراہم کررہا ہے۔ سعودی قیادت نے وژن 2030کے حوالے سے عوام کی خوشحالی اور پائدار ہمہ جہتی ترقی کے جو اہداف مقرر کررکھے ہیں ،انہیں حاصل کرنے کی تگ و دو جاری ہے۔ مضبوط اقتصاد کا ہدف اسی طرح حاصل ہوگا۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس نے اس امر کی تاکید کی کہ سعودی ریاست بدعنوانی کے انسداد ، اسکی بیخ کنی ، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو دنداں شکن جواب دینے کی پالیسی جاری رکھے گی۔ شفافیت کا تحفظ کیا جائیگا۔ شاہ سلمان نے انسداد بدعنوانی کمیٹی کے سربراہ اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مقررہ اہداف بروقت اور مناسب شکل میں حاصل کرنے پر شاباش بھی دی۔
سعودی عرب ملک میں اصلاحات کے پہیے متحرک کرنے اور رکھنے نیزشفافیت کوراسخ کرنے کی پالیسی پر سنجیدگی کے ساتھ عمل پیرا ہے۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ تمام سرکاری ادارے موثر شکل میں کام کریں۔ کارکردگی کا معیار بلند کریں۔ سرکاری خزانے کی حفاظت کریں۔ اچھے انداز میں سرکاری خزانہ استعمال کریں۔ مختلف شعبوں میں بڑے بڑے منصوبے بروقت نافذ کریں۔ اسی طرح نئی نسلوں کے لئے اچھا مستقبل محفوظ ہوسکے گا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭