Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ نے گھریلو عملے اور دیگر قراردادوں کی منظوری دیدی

ریاض۔۔ سعودی کابینہ کاا جلاس منگل کو ریاض کے قیصر یمامہ میں منعقد ہوا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدارت کی۔ کابینہ نے گھریلو عملے ، نقل و حمل اور ہوابازی سے متعلق 11 قراردادوں کی منظوری دے دی۔ وزیر اطلاعات و نشریات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعد سعودی خبررساں ادارے کو بتایا کہ کابینہ نے سوئٹزرلینڈ کے ساتھ دہرے ٹیکس سے بچاﺅ ،ٹیکس سے فرار سے روکنے کیلئے معاہدے کی منظوری دے دی۔ کابینہ ے شہری ہوابازی کے شعبے میں تعاون سے متعلق برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت اور فضائی نقل و حمل میں اسپین اور امریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کے حق میں فیصلہ دے دیا جبکہ تیونس کے ساتھ محنت و روزگار کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار وزیر محنت کو تفویض کیا ۔ علاوہ ازیں گھریلو ملازمین کے روزگار کے سلسلے میں یوگینڈا کے ساتھ گھریلو عملے اور عام کارکنان کے روزگار کی بابت دو معاہدوں کی منظوری دی جبکہ وزیر خارجہ کو فلسطینی عوام کی مدد کیلئے اقوام متحدہ کانفرنس برائے تجارت و ترقی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا۔ وزیر خزانہ کو اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی شاخیں کھولنے اور مستقبل میں دیگر شاخوں کا سلسلہ قائم کرنے کی منظوری کا اختیار عطا کیا۔ اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان نے مصری صدر ، وزیراعظم اور اسپیکر کے ساتھ اپنے مذاکرات ، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ شاہ سلمان نے شرم الشیخ میں پہلی عرب یورپی سربراہ کانفرنس میں شرکت اور برادر و دوست ممالک کے رہنماﺅں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے نتائج سے بھی مطلع کیا۔ شاہی ہدایت پر ولیعہد نائب وزیراعظم و زیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان، ہندوستان اور چین کے دوروں کے نتائج اور مذکورہ تینوں ممالک کے قائدین و اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اپنے مذاکرات کے نتائج سے کابینہ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دورے کی بدولت تینوں ملکوں کے ساتھ اسٹراٹیجک تعلقات مزید مضبوط ہوئے، مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت اجاگر ہوئی اور تمام شعبوں میں باہمی تعلقات کو مضبو ط و گہرا بنانے کی سنجیدہ خواہش سامنے آئی۔ کابینہ نے تینوں ممالک کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں ، مفاہمتی یادداشتوں، باہمی تعاون ، سرمایہ کاری کے منصوبوں اور مشترکہ اعلامیہ جات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کابینہ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان، ہندوستان اور چین کے ساتھ مستقبل میں تمام شعبوں میں یکجہتی بڑھے گی۔ تینوں ممالک میں ترقی و خوشحالی کا کارواں تیزی سے آگے بڑھے گا۔ 
 

شیئر: