نئی دہلی ...ریاست دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی مسلمانوں کے مخالف نہیں بلکہ موجودہ حالات میں انہیں تشویش رہتی ہے۔ جمعہ کو نیوز چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس وقت ہندوستانی مسلمانوں کے پاس کوئی مو¿ثر قیادت نہیں جس کا احساس وزیراعظم کو بھی ہے۔ مرکز کی حکمراں جماعت بی جے پی کامسلمانوں کے ساتھ جو رویہ ہے اس پر بھی وزیراعظم متعدد مرتبہ تشویش و فکر مندی کا اظہار کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے معاملات پر وزیراعظم سے تفصیل کے ساتھ بات چیت کر چکا ہوں ۔ وزیراعظم میں یہ بات نہیں دیکھی کہ وہ مسلمانوں کے خلاف ہیں بلکہ وہ اس بات کے خواہاں ہیں کہ بی جے پی اور مسلمانوں کے درمیان بہتر رشتے قائم ہوجائیں۔بی جے پی سے متعلق مسلمانوں میں جو غلط فہمیاں پیدا ہوگئی ہیں یا کردی گئی ہیں انہیں دور کردیا جائے ۔ یہی نہیں بلکہ وزیراعظم بی جے پی اور مسلمانوں کے درمیان ایسے معاہدے کے خواہاں ہیں جس سے مستقبل میں اس اقلیتی فرقے کو قومی ترقیاتی منصوبوں میںاپنا کردار ادا کرنے کا موقع مل سکے۔