Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند میں بے قصور کشمیریوں کیخلاف تشد د پراسلامی تعاون تنظیم کا اظہار برہمی

جدہ ۔۔۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) نے ہندوستان میں بے قصور کشمیریوں کیخلاف جگہ جگہ ہونے والے تشدد پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ او آئی سی نے ہندوستان کے مختلف علاقوں میں حکومت ہند ذرائع ابلاغ اوردائیں بازو کے انتہاءپسند قومی گروپوں کی شہ پر کشمیری طلبہ سیاست دانوں اور تاجروں و صنعت کاروں پر حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کردی۔ او آئی سی کا کہنا ہے کہ پلوامہ میں خودکش حملے کے بعد کشمیریوں کی زندگی اظہار رائے کی آزادی ، پرامن احتجاج کے حق سمیت دیگر بنیادی انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر زبردست خلاف ورزیاں کی گئیں۔ ابلاغی رپورٹوں سے پتہ چلا ہے کہ خودکش حملے پر انتقامی کارروائی کے ڈر سے 700 سے زیادہ کشمیری طلبہ گھروں میں بند ہوکر رہ گئے۔ سوشل میڈیا نے متعدد وڈیو کلپ جاری کرکے دکھایا ہے کہ کشمیریوں کو انتہاءپسند ہندو جماعتوں کی جانب سے اشتعال دلانے پر زدوکوب کیا جارہا ہے اور انہیں طرح طرح سے پریشان کیا جارہا ہے۔ حکومت ہند کشمیریوں کی جان، املاک اور ان کے تجارتی اداروں کو ضروری تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ او آئی سی کے ماتحت انسانی حقوق کے خودمختار ادارے نے توجہ دلائی کہ صورتحال بہت زیادہ دھماکہ خیز ہوگئی تھی جس پر ہندوستانی سپریم کورٹ کو مداخلت کرنا پڑی۔ او آئی سی کا کہنا ہے کہ تشدد کے سلسلے سے تشدد ہی جنم لے گا۔ انسان کے بنیادی حقوق سے محرومی کا عمل انتہاءپسند عناصر کو کھل کھیلنے کا موقع فراہم کرے گا۔ او آئی سی نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہند شدید ردعمل کے بہانے قابض ہندوستانی افواج کو بے قصور کشمیریوں کیخلاف سنگین اقدامات کا فری ہینڈ دینے سے گریز کرے۔ ہندوستانی افواج ایمرجنسی اختیارات کے قانون کا مسلسل ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں سے صورتحال مزید سنگین ہوگی اور مقامی شہریوں کے جذبات مشتعل ہونگے۔ حکومت ہند کشمیریوں کیخلاف جارحانہ اقدامات روکنے کیلئے فوری کارروائی کرے۔ اسلامی تعاون تنظیم سمیت انسانی حقوق کی جملہ تنظیموں کو اپنے زیر انتظام کشمیر کے دورے کی سہولتیں فراہم کرے۔ 

شیئر: