پیٹ کے اطراف میں جمی چربی کی تہہ جسم کے دیگر حصوں پر موجود چربی کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ثابت ہوتی ہے۔ یہ چربی خطرناک کیمیکلز پیدا کرنے کا سبب بنتی ہے جو جسم کے کام کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرتے ہیں اور صحت کے بہت سے مسائل جیسا کہ امراض قلب ، ذیابیطس اور کچھ اقسام کے کینسر کو جنم دیتے ہیں۔ عام طور پر پیٹ پر اس طرح کی چربی جمنے کی وجوہات متوازن خوراک کی عدم دستیابی ہے۔ صحت مند اور متوازن خوراک کے استعمال کے ذریعے بیلی فیٹس سے بچا جاسکتا ہے اور وزن کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ بہت سی تحقیق سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ کھانے میں لال مرچ کا استعمال میٹابولزم کو بڑھانے اور جسم میں موجود اضافی چکنائیوں کو جلانے میں مدد دیتا ہے۔ لال مرچ پاﺅڈر بہت سے کھانوں میں ذائقہ بڑھانے اور انہیں چٹ پٹا بنانے کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ اس میں بہت سے وٹامنز ، منرلز ، وٹامن سی ، وٹامن بی 6 اور پوٹاشیم کثیر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس کی فراہمی کا بھی بہترین ذریعہ ہے جو صحت کیلئے بہت سے فوائد کا حامل ہے۔ تحقیق کاروں کے مطابق لال مرچ پاﺅڈر وزن کم کرنے ، فیٹ برن کرنے اور میٹابولزم میں اضافے کے ذریعے کیلوریز کو جلانے میں مدد دیتا ہے۔ یہ بھوک کی اشتہا کو کم کر کے زیادہ کیلوریز کو جسم کا حصہ بننے سے روکتا ہے۔ ایک اور تحقیق کے مطابق غذاﺅں میں لال مرچ کا استعمال مٹاپے کے خطرے کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔