ہند نے پاکستانی قیدی کی میت حوالے کردی
لاہور... ہندوستانی جیل میں قتل کئے جانے والے پاکستانی قیدی شاکر اللہ کی میت واہگہ بارڈر پر پاکستان کے حوالے کردی گئی۔ شاکر اللہ کی میت اہل خانہ نے وصول کرلی ۔ پلوامہ واقعہ کے بعد جے پور کی سینٹرل جیل میں مشتعل قیدیوں نے پاکستانی قیدی کو پتھر مار مار کر ہلاک کرد یا۔50سالہ شاکر اللہ سیالکوٹ کا رہائشی تھا، اس کے اہل خانہ کراچی میں مقیم تھے۔ ہندوستانی حکام کے مطابق شاکر اللہ کو مبینہ طور پر دہشت گردوں کو مالی امداد بہم پہنچانے کے الزام میں 2010 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ 2017 میں اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ حکام نے دعوی کیا تھاکہ شاکر اللہ کی ہلاکت جیل میں ٹی وی کی آواز اونچی ہونے پر جھگڑے کے دوران ہوئی۔ ہلاکت میں 4 ساتھی قیدیوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ نے اس واقعہ پر ہند سے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ہند اپنی جیلوں میں قید پاکستانیوں اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی حکام نے گرفتار ہندوستانی پائلٹ ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پر بی ایس ایف کے حوالے کیا تھا۔