اہم نکات:
-
مریم نواز نے میو ہسپتال کے بعد جناح ہسپتال کے ایم ایس کو بھی معطل کردیا
- بلوچستان: ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
-
عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہیں ہوگی، اسلام آباد ہائیکورٹ
-
آذربائیجان کا پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے پر زور
کراچی میں بی وائی سی کا مظاہرہ، ماہ رنگ بلوچ کی قریبی ساتھی حراست میں
کراچی میں بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی جانب سے دی گئی احتجاجی کال پر پیر کے روز کراچی پریس کلب کے باہر کشیدگی دیکھنے میں آئی۔
مظاہرین جیسے ہی پریس کلب کے قریب پہنچے تو پولیس نے تمام راستے سیل کر دیے اور مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما سیمی بلوچ اور دیگر مظاہرین نے پولیس رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی تو قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے سمی دین بلوچ سمیت متعدد مظاہرین کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا۔
دوسری جانب بی وائی سی کے خلاف بھی ایک نامعلوم گروہ کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کے لیے پہنچ گیا۔ ان مظاہرین نے بی وائی سی پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
مریم نواز نے میو ہسپتال کے بعد جناح ہسپتال کے ایم ایس کو بھی معطل کردیا
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر اصغر نقی اور ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر کاشف جہانگیر کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔
پیر کو وزیراعلی کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق لاہور جناح ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ اور میڈیکل سٹور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں اور تیمارداروں سے بات چیت کی۔
ایمرجنسی وارڈ کے دورے کے دوران مریضوں نے ان سے ہسپتال عملے اور ادویات نہ ملنے کے بارے میں شکایات کیں۔ جناح ہسپتال میں مریضوں کی ایمرجنسی میں ادویات نہ ملنے اور دیگر شکایات پر وزیراعلی ناراضی کا اظہار کیا۔
بلوچستان: ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ریاست کے خلاف بیانیے میں ملوث سرکاری افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی ہوگی۔
پیر کو کوئٹہ میں ایک اجلاس میں انہوں نے کہا کہ تمام کمشنرز اور ضلعی افسران کو ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ ضلعی سطح پر ریاست مخالف عناصر کو فورتھ شیڈول میں شامل کر کے منفی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی۔‘
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ’پالیسی حکومت دیتی ہے اور اس پر عمل درآمد فیلڈ افسران کی ذمہ داری ہے، انفرادی ذاتی سوچ ریاست کی پالیسی سے بالاتر نہیں۔ کوئی بھی افسر حکومت کی پالیسی پر عمل درآمد نہیں کر سکتا تو رضا کارانہ طور پر عہدے سے الگ ہوجائے۔‘
عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہیں ہوگی، اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان سے ’جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک کی کیا ضرورت ہے؟ یہ ملاقات کر کے چلے جائیں۔‘
پیر کو عمران خان کی جیل ملاقاتوں سے متعلق درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ میں قائمقام چیف جسٹس سرفرازڈوگر کی سربراہی میں سماعت کے دوران عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے منگل اور جمعرات دو دن کی ملاقات بحال کر دی۔‘
وکیل جیل سپریٹنڈنٹ نے کہا کہ ’یہ جیل ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔‘
جس پر قائمقام چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ’بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک نہیں ہوگی، جو بھی بانی پی ٹی آئی سے ملے گا وہ میڈیا ٹاک نہیں کرے گا۔‘ مزید کہا گیا کہ کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجہ جونام دیں گے صرف وہی ملاقات کرسکے گا۔
آذربائیجان کے صدر کا پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے پر زور
آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف نے پاکستان کے ساتھ دفاع، توانائی، معیشت، لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں باکو کی اسلام آباد کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے کے لیے مشترکہ منصوبوں پر زور دیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں ’الہام علیوف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین روایتی دوستی اور تذویراتی شراکت داری اطمینان بخش ہے، اس سے دونوں ممالک کے بھائی چارے پر مبنی تعلقات اور عوامی اتحاد مزید مستحکم ہوگا۔‘
انہوں نے کہا ہے ’باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں ہماری کامیاب مشترکہ کاوشیں ہمارے تعلقات کے لیے کلیدی اہمیت رکھتی ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات جامع ترقی سے جڑے ہیں جن کی بنیادیں باہمی ثقافتی اقدار اور یکجہتی سے مزین اور احترام و اعتماد پر محیط ہیں۔‘
پاکستان کے مختلف علاقوں میں 25 اور 27 مارچ کے دوران بارش کا امکان
محکمہ موسمیات نے 25 اور 27 مارچ کے دوران پاکستان کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، جبکہ پہاڑوں پر برفباری اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔
پیر کو محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 24 مارچ کی رات کو بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں، اسلام آباد اور مری گلیات میں 25 اور 27 مارچ کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر میں بارش، ژالہ باری اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے بالائی علاقوں میں گرد آلود ہوئیں اور آندھی آ سکتی ہے۔
لاہور ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے کے 100 سے زائد آئی فون برآمد
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر کسٹم حکام نے خفیہ اطلاع پر تھائی ایئرلائن کی فلائٹ سے آنے والے مسافر سے کروڑوں روپے کے 100 سے زائد آئی فون برآمد کیے ہیں۔
پیر کو ترجمان محکمہ کسٹم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بینکاک سے آنے والی تھائی ایئرلائن کی فلائٹ پر آنے والے علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کے رہائشی سے کروڑوں روپے کے قیمتی آئی فون برآمد ہوئے۔
مزید کہا گیا کہ دوران چیکنگ مسافر ملک شاہد حسین کے سامان سے کروڑوں روپے کے 102 آئی فون برامد کے گئے۔ ترجمان کسٹمز کے مطابق ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر دیا گیا۔
راولپنڈی: ویڈیو وائرل کرنے پر ٹریفک وارڈن کا پیکا ایکٹ کے تحت دکاندار کے خلاف مقدمہ
راولپنڈی میں ٹریفک وارڈن نے پیکا ایکٹ کے تحت تھانہ کینٹ میں دوکاندار کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
راولپنڈی میں نو پارکنگ میں کھڑی گاڑی اٹھانے کی وڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والے دوکاندار کے خلاف ٹریفک وارڈن نے پیکا ایکٹ کے تحت تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کرایا کہ عوام کو پولیس کے خلاف اشتعال انگیزی دلائی گئی۔
ایف آئی آر کے متن میں لکھا ہے کہ ’ٹک ٹاک پر میں نے اور میرے ساتھی نے ویڈیو دیکھی جو نو پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑی کو قانون کے مطابق ہٹاتے ہوئے بنائی گئی۔ جھوٹ پر مبنی ویڈیو عوام میں نفرت اور اشتعال پیدا کرنے کی کوشش ہے۔‘
ملک میں چینی کا بحران نہیں، افواہوں کا مقصد بے یقینی پیدا کرنا ہے: رانا تنویر
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور یہ مسئلہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کی وجہ سے ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں میڈیا کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں چینی 153 روپے فی کلو دستیاب ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ میں فراہمی برقرار ہے۔ میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں کا مقصد عوام میں بے یقینی پیدا کرنا ہے، اور یہ تمام بیانات پروپیگنڈا کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال چینی کا سٹاک 76 لاکھ ٹن تھا جبکہ ملکی ضروریات 63 لاکھ ٹن تک محدود رہیں، جو کہ مارکیٹ کی صحت کا ثبوت ہے۔
چینی کے کارخانوں اور حکومت کے مالک ایک ہی ہیں: بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’چینی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ یہ ہے کہ چینی کے کارخانوں اور حکومت کے مالک ایک ہی ہیں۔‘
پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’چینی کی قیمت اور حکومت کے وزرا کی تنخواہیں شہباز سپیڈ سے بڑھ رہی ہیں۔ خام چینی درآمد کرنے کا شہباز شریف حکومت کا فیصلہ حکمران چینی مافیا کو ایک اور ناجائز فائدہ پہچانے کی مجرمانہ کوشش ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’حکمران شوگر مافیا نے ناجائز منافع سے اپنی عید میٹھی اور مہنگائی کے مارے عوام کی عید پھیکی کر دی ہے۔‘
پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان شہریوں کی تعداد 8 لاکھ سے زائد
پاکستان کے سرکاری نیوز چینل پی ٹی وی نے کہا ہے کہ 23 مارچ تک پاکستان چھوڑنے والے غیرقانونی افغان شہریوں کی تعداد 8 لاکھ 76 ہزار 194 تک پہنچ گئی ہے۔
مزید کہا گیا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کے لیے رضاکارانہ واپسی کی مہلت میں 8 دن باقی رہ گئے ہیں۔ اور مقررہ تاریخ کے بعد متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔