Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شخصیت کو پرکشش اور متاثر کن بنانے کے اہم اصول

کسی بھی انسان کا محض اپنی ذات کو اہمیت دینا اور خود پسند ہونا ایک بہترین عمل نہیں بلکہ اپنی ذات میں بہتری لانا ، اپنی شخصیت کو متوازن بنانا اور اپنے اعصاب کو اتنا پرسکون بنانا کہ آپ اپنے تمام کام اچھے انداز سے انجام دے سکیں ، بڑی کامیابی ہے۔ یہاں کچھ باتیں آپ کو ایسی بتائی جارہی ہیں جو کسی بھی انسان کی شخصیت میں نکھار پیدا کرنے کےلئے کافی ہیں۔ 
حالات اور واقعات کے مطابق اپنی شخصیت میں تبدیلی لانا اور خود کو ہر طرح کے ماحول میں ڈھالنے کی کوشش کرنا آپ کو آگے بڑھنے اور شعور و آگہی میں اضافہ کرنے کا سبب بنتا ہے۔ بدلتے حالات و واقعات میں اگر سامنا کرنے کے بجائے خود کو چھپانے کی کوشش کریں گے تو اعتماد اور عزت میں کمی واقع ہونے کا خدشہ ہو گا۔ 
 اگر کبھی کسی کو آپ کی مدد کی ضرورت ہو تو خود آگے بڑھ کر نرم دلی سے اس کا ہاتھ تھام لیں۔ اگر آپ مدد نہیں کر سکتے تو اسے کسی ایسے شخص کے پاس بھیج دیں جو اس کی مدد کر سکتا ہو۔اہم بات یہ ہے کہ اس شخص سے اس بھلائی کے بدلے کی توقع نہ رکھیں ۔ اسے صرف اپنے حصے کی نیکی سمجھ کر کریں۔
 خود محنت کریں اور عزت کمانے کی کوشش کریں۔ دوسروں کی کامیابیوں کو چھیننے کی بجائے اپنی کامیابیوں کے راستے پر چلتے جائیں۔ یہ گمان مت کریں کہ محنت کے بغیر آپ کوئی کامیابی یا عزت کما پائیں گے۔ ہر طرح کے حالات سے نبردآزما ہوکر ہی آپ اپنی شخصیت کو روشن اور پرکشش بنا سکتے ہیں۔ 
جسمانی طور پر خود کو متحرک رکھیں ، پیدل چلیں ، لفٹ کے بجائے سیڑھیاں استعمال کریں ، ایسے پلان بنائیں جن میں جسمانی حرکات زیادہ ہو ۔ اس سے آپ کا جسم مضبوط ،چوکس و توانا رہے گا۔ 
اکثر اوقات منہ بند رکھنے میں عافیت ہوتی ہے البتہ جب بھی کچھ کہنے کا موقع ملے تو ہمیشہ سچائی اور ایمانداری کی بات کریں۔ جب ہم سچ کا ساتھ دیتے ہیں تو دراصل حق کا ساتھ دے کر جھوٹ اور غلط کو مسترد کرتے ہیں۔ لہذا سچ پر جمے رہیں اور کبھی جھوٹ اور بددیانتی کا ساتھ نہ دیں۔ 
خود پر یقین رکھیں اور اپنے عقائد پر ڈٹے رہیں۔ جب آپ اپنے یقین کے مطابق کوئی کام کرتے ہیں تو زیادہ اعتماد اور لگن کے ساتھ اسے انجام دینے کی صلاحیت حاصل کر لیتے ہیں۔ 
اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا سیکھیں۔ اپنی کوتاہیوں کو سمجھیں اور خود میں تبدیلی لانے کی کوشش کریں۔ کوئی بھی انسان پرفیکٹ نہیں لہذا آگے بڑھنے کےلئے اپنی کمزوریوں اور خامیوں سے آگاہ ہونا اور انہیں درست کرنا ضروری ہے۔ 
اپنے دن کا آغاز اور اختتام عبادات سے کریں۔ پرسکون ماحول میں شور وغل سے دور دل و دماغ کی مکمل محویت کے ساتھ فطرت سے قریب تر ہونے کی کوشش کریں۔ ان نعمتوں پر اللہ کا شکر ادا کریں جن سے اس نے آپ کو نوازا ہے۔ 
اپنے دوست احباب اور قریبی رشتے داروں کے ساتھ اچھا وقت گزاریں۔ اپنے رشتوں کو مضبوط اور پرسکون بنائیں اور انہیں محبت کے ساتھ لے کر آگے بڑھیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: