پی ایس ایل4: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا نمبر ون پوزیشن پر دوبارہ قبضہ
ابوظبی: پاکستان سپر لیگ 4 کے 23ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایک بار پھر پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔ پی ایس ایل کا چوتھا مرحلہ ابو ظبی میں شروع ہوا تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے 20اوورز میں 165 رنز بنائے۔پشاور زلمی کے آندرے فلیچر اور کامران اکمل نے ٹیم کو 58 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ فلیچر 26 رنز کی اننگز کھیل کر محمد نواز کا شکار بنے۔ پورے سیزن میں آوٹ آف فارم رہنے والے کامران اکمل نے زبردست اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے گراونڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے ا ور 50گیندوں پر4 چھکے اور 7چوکے لگا کر 72 رنز بنائے۔ کامران کو ایک موقع ملا جب فواد احمد کی گیند پر امپائر نے ایل بی ڈبلیو آوٹ نہیں دیا۔ امام الحق 13 رنز بنانے کے بعد فواد احمد کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔ کیرن پولارڈ 21 گیندوں پر 44 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فواد احمد، محمد نواز اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے احسن علی اور شین واٹسن نے اننگز شروع کی تو احسن ایک رنز بنا سکے۔ شین واٹسن کیساتھ احمد شہزاد نے 129 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔شین واٹسن نے 6 چھکوں اور 6چوکوں کی مددسے 91رنز کی شاندار ناٹ آوٹ اننگز کھیل کر ٹیم کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا اور مین آف دی میچ رہے۔ احمد شہزادنے 45 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے 2وکٹوں کے نقصان پر 17.4اوورز میں جیت کا ہدف حاصل کر لیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 12پوائنٹس کے ساتھ دوبارہ پہلے نمبر پر آ گئی ہے۔ پشاور زلمی 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں