پی ایس ایل: لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی
دبئی: پاکستان سپرلیگ سیزن 4 کے 17ویں میچ میں لاہور قلندرز نے خوبصورت بولنگ اور بیٹنگ کی بدولت یکطرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے واضح شکست دیدی۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان فخرزمان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔لاہور ٹیم میں شامل نیپالی قلندرز اسپنر سندیپ لمی چنے نے اپنی مشکل گیندوں سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین کو گھما کر رکھ دیا۔گلیڈی ایٹرز کے احسن علی نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا ،دوسری جانب سندیپ لمی چنے سرفراز الیون کے بڑے کھلاڑیوں کو پویلین بھیجتے رہے۔لمی چنے کی گیند پر 7رنز پر شین واٹس ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے، اس کے بعد 43 کے اسکور پر 8 رنز بناکر ریلی روسو ، ڈیوڈ ویزے کو کیچ دے بیٹھے جبکہ 45 پر عمر اکمل ایک اسکور بنا کر بولڈ ہوگئے۔لمی چنے نے چوتھی وکٹ دانش عزیز کو آوٹ کرکے حاصل کی اور 10 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر مین آف دی میچ رہے۔ احسن علی دوسری جانب مزاحمت کرتے نظر آئے لیکن 33 رنز بنانے والے بیٹسمین کی مزاحمت 53 کے مجموعے پر اس وقت دم توڑ گئی جب وہ رن آوٹ ہوگئے۔کپتان سرفراز احمد نے 29 اور محمد نواز نے 12 رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی پوری ٹیم 19.1اوورز میں 106 رنز بناسکی۔ لمی چنے نے4 ، حارث روف نے 2، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے حصول کیلئے لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان 2رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔وکٹ کیپر بیٹسمین گوہر علی نے تیزی سے 21 رنزکا اضافہ کیا لیکن 33 کے مجموعی اسکور پر بولڈ ہوگئے۔ اے بی ڈی ویلیئرز اور حارث سہیل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 74 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، اے بی ڈی ویلیئرزنے 47 اور حارث سہیل نے 33 رنز بنائے ۔دونوں ناٹ آوٹ رہے۔ لاہور قلندرز نے 16.3اوورز میں 8 وکٹوں سے باآسانی فتح حاصل کر لی۔ لاہور قلندرز کی 6میچ کھیل کر تیسری کامیابی ہے۔ لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بدستور پہلے نمبر پر ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں