روس اور سعودی عرب کا مشترکہ مشن
ریاض۔۔۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لیپروف نے کہا ہے کہ شام میں دہشت گردی کاخاتمہ روس اور سعودی عرب کا بڑا مشن ہے۔ وہ بدھ کو اپنے کویتی ہم منصب صباح الخالد ا لصباح سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کررہے تھے۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ سعودی عرب ، روس اور دیگر متعلقہ ممالک شام کے تمام علاقوں میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔ ہماری طرح سعودی عرب بھی شام میں انسانی امداد بھیجنے کیلئے پرعزم ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ شام میں پناہ گزینوں کی واپسی کیلئے حالات سازگار بنانے کے حوالے سے بھی انتہائی پرعزم ہیں۔ روسی وزیر خارجہ ریاض میں خادم حرمین شریفین ، وزیر خارجہ اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ سے ملاقاتیں کرکے بدھ کو کویت پہنچے تھے۔