ویمنز ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ نے دوسرا میچ 5وکٹوں سے جیت لیا
گوہاٹی:انگلینڈ کی ویمنز ٹیم نے ہند کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ 5وکٹوں سے جیت کر 3میچوں کی سیریز میں 0-2سے ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے تھے۔ سابق کپتان متھالی راج20رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ دیپتی شرما اور بھارتی فلمالی نے18-18رنز بنائے جبکہ انگلش بولرز نے بھی 18فاضل رنز دے کر ہندوستانی اسکور کو 100سے اوپر پہنچانے میں مدد فراہم کی۔ کیتھرین برنٹ نے3وکٹیں حاصل کیں جبکہ لینسی اسمتھ نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں اوپنر ڈینیلی یاٹ کے ناقابل شکست64 رنز بنیادی فرق ثابت ہوئے جبکہ 56رنز پر4 وکٹیں گر جانے کے بعد لورین ونفیلڈ نے ان کے ساتھ 47رنز کی شراکت قائم کرکے فتح یقینی بنا دی تھی ۔ ونفیلڈ 29رنز بنا کر آوٹ ہو ئیں تو مجموعی اسکور103رنز ہو چکا تھا جس کے بعد ڈینیلی نے آخری اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر اسکور کو114رنز تک پہنچاتے ہوئے میچ اور سیریز میں انگلینڈ کو فتح دلا دی۔ ڈینیلی 55گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے 64رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں جبکہ کیتھرین برنٹ نے 2رنز بنائے اور وہ بھی ناقابل شکست رہیں۔ ایکتا بشٹ نے2وکٹیں لیں۔ انگلش ویمنز ٹیم ون ڈے سیریز ہار گئی تھی لیکن ٹی ٹوئنٹی میں واپس آتے ہوئے سیریز اپنے ناک کرنے میں کامیاب رہی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں