انشورنس کمپنیاں علاج کی درخواست کا جواب 60منٹ کے اندر فراہم کریں، ہیلتھ کونسل
جدہ- - - - -سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل نے تمام کمپنیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ علاج کی درخواست کا جواب 60منٹ کے اندر اندر فراہم کریں۔ اس سے زیادہ تاخیر نہ کریں۔ مملکت بھر میں گیارہ ملین سعودی اور مقیم غیر ملکی میڈیکل انشورنس کرائے ہوئے ہیں۔ ان میں غیر ملکی ملازمین کی تعداد 6137566اور ان کے تابعین کی تعداد 1866961ہے جبکہ سعودی ملازمین کی تعداد 1221460اور ان کے تابعین کی تعداد 1997903ہے۔ سعودی عرب میں منظور شدہ انشورنس کمپنیوں کی تعداد 27ہے۔ انشورنس کونسل نے توجہ دلائی ہے کہ ہنگامی حالت میں مریض کو انشورنس کمپنی سے پیشگی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ المدینہ اخبار نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ہیلتھ انشورنس کونسل نے میڈیکل انشورنس کمپنیوں پر نئی پابندی یہ عائد کی ہے کہ وہ علاج کے اخراجات کی درخواستوں کا جواب ایک گھنٹے کے اندر دیدیں۔ اس سے ایمرجنسی والے معاملات مستثنیٰ ہونگے۔ ہیلتھ انشورنس کونسل نے المدینہ اخبار کو تفصیلات دیتے ہوئے واضح کیا کہ منظوری او پی ڈی کے مریضوں کے حوالے سے ہوگی بشرطیکہ ایک بار کے علاج کی لاگت 500ریال سے زیادہ نہ ہو۔ کونسل کا کہناہے کہ اگر انشورنس کمپنی علاج کے اخراجات برداشت نہ کرنے کا عندیہ دیگی تو ایسی صورت میں اسے درخواست وصول ہونے کے ایک گھنٹے کے اندر اخراجات ادا نہ کرنے کا جواز بھی پیش کرنا پڑیگا۔