جدہ۔۔۔ محکمہ زکوٰة و آمدنی نے اطمینان دلایا ہے کہ نجی اداروں پر زکوٰة میں اضافے کی کوئی اسکیم نہیں۔ زکوٰة کی وصولی کے لائحہ عمل کی بابت نجی اداروں کے اعتراضات کو مدنظر رکھ کر اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمے نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ زکوٰ ة کی وصولی کے لائحہ عمل پر نجی اداروں سے انکی رائے طلب کی گئی ہے۔ محکمے نے توجہ دلائی کہ وہ سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے میں معاون بنا رہنا چاہتا ہے۔ اس سے قبل بلومبرگ نے اطلاع دی ہے کہ سعودی محکمہ زکوٰة وآمدنی مقامی بینکوں سے ٹیکس کی رقم بڑھانے کیلئے مذاکرات کررہا ہے۔ 10فیصد کے بجائے 20فیصد تک اضافے کی بات ہورہی ہے۔ٹیکس کی یہ رقم زکوٰة کی مد سے الگ ہوگی۔اس طرح مملکت میں غیرملکی بینکوں سے جو ٹیکس لیا جارہا ہے اتنا ہی ٹیکس مقامی بینکوں سے بھی وصول کیا جاسکے گا۔عکاظ اخبار کے مطابق ایک اطلاع یہ ہے کہ سعودی بینکوں پر ٹیکس 20فیصد سے کم مقرر کیا جاسکتا ہے تاہم یہ 10فیصد سے زیادہ ہوگا جو اس وقت لیا جارہا ہے۔