Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند اور آسٹریلیا فیصلہ کن ون ڈے کیلئے آمنے سامنے

نئی دہلی : ہند اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پانچواں، آخری اور فیصلہ کن میچ آج دہلی میں کھیلا جائے گا اور مہندردھونی کی عدم موجودگی ویرات کوہلی کیلئے ممکنہ طور پر مسائل کا باعث بن سکتی ہے ۔ تیسرے میچ میں آرمی کیپس پہن کر کھیلنے اور چوتھے ون ڈے میں آسٹریلیا کو359رنز کا بڑا ہدف دینے کے باوجود دونوں میچوں میں شکست کے بعد سیریز 2-2سے برابرہے۔ اس صورتحال نے ہندوستان ٹیم اور کپتان ویرات کوہلی کو پریشانی سے دوچار کردیا ہے ۔ ہندکی ون ڈے تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب ٹیم انڈیا کو 350 رنز سے زیادہ اسکور کے باوجود شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تنقید کرنے والے پوچھ رہے ہیں کہ اتنے بڑے ا سکور کا دفاع نہ کر سکنا ٹیم کی ورلڈ کپ کیلئے تیاریوںپر بھی سوال کھڑا کررہا ہے۔سیریز کے آخری 2مقابلوں میں سابق کپتان اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کو آرام دیا گیا اور مبصرین کئی بار کہہ چکے ہیں کہ جب دھونی ٹیم میں موجود ہوں تو کوہلی کا کام آسان ہو جاتا ہے۔ دھونی وکٹ کے پیچھے کھڑے بولروں سے مسلسل بات کرتے رہتے ہیں، ان کا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔ کوہلی اپنی بیٹنگ سے میچ میں کامیابی کی کوشش کرتے ہیں لیکن جب ان کے بولر ناکام ہو رہے ہوں تو اس وقت وہ بے بس نظر آتے ہیں اور ان کا کوئی داو کام نہیں آتا۔یہ صورتحال ایک مرتبہ پھر ناکامی کا سبب بن سکتی ہے۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردو نیوزاسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: