بوئنگ737 میکس 8کابحران شدت اختیار کر گیا
دنیا بھر میں بوئنگ 737 میکس 8 طیاروں کی پرواز پر پابندی کے بعد امریکی سینیٹرز نے بھی فیڈرل ایوی ایشن سے ان طیاروں کو گراﺅنڈ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
امریکہ کے سوا دنیا بھر میں بوئنگ 737 میکس 8 طیارے کی پرواز کےلئے فضائی حدود بند ہونے کے بعد کمپنی کے شیئرز میں8 فیصد کمی دیکھی گئی ہے ۔
بدھ کوامریکی رپبلیکن سینیٹر ٹیڈ کروز نے بھی بوئنگ کمپنی کے اس جہاز کو گراﺅنڈ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن جہاز کومسافروں کے لیے محفوظ قرارنہ دے تب تک بوئنگ 737 میکس 8 کو وقتی طور پر گراﺅنڈ کر دینا چاہیے۔
ٹیڈ کروز امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے ایوی ایشن کے سربراہ ہیں جس کے اجلاس میں وہ بوئنگ حادثات کی تحقیقات پر بحث ہوگی ۔
برطانیہ سمیت یورپی یونین اور ہندنے بدھ کو بوئنگ 737 میکس 8 مسافر طیارے کی اپنی فضائی حدود میں پرواز پرپابندی لگا دی ہے۔اس فیصلے کے بعدعالمی منڈی میں کمپنی کو28 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے جوگزشتہ10 سال میں کمپنی کے اسٹاک میں سب سے بڑی کمی ہے۔
اتوار کو ایتھوپیا میں پیش آنے والے حادثے کے بعد کئی ملکوں نے بوئنگ 737 میکس 8 جہازکے استعمال پر پابندی لگا ئی ہے جن میں چین، ہندوستان، سنگاپور، ایتھوپیا، انڈونیشیا، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، کویت، عمان، عرب امارات، یورپی یونین، پولینڈ، آسٹریا، اٹلی، ترکی، ہالینڈ، آئس لینڈ، جرمنی، فرانس، آئرلینڈ، برازیل، ناروے ، برطانیہ اور دیگر ممالک شامل ہیں۔
کینیڈا اور امریکہ کے علاوہ کئی اہم ممالک نے بوئنگ 737 میکس 8 کے استعمال اور اپنی حدود میں پرواز پر پابندی عائد کی ہے جبکہ بعض مشہور ایئرلائنز نے اس طیارے کو گراﺅنڈ کر دیا ہے ۔
امریکی ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار سینیٹر ایلزبتھ وارن نے بھی امریکی فیڈرل ایوی ایشن ادارے سے بوئنگ737 میکس 8 پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی ایسوسی ایشن آف فلائیٹ اٹینڈنٹس کی یونین نے بھی امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن سے بوئنگ جہازوں کووقتی طور پر گراﺅنڈ کرنے کا مطالبہ کیا ہے لیکن امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بوئنگ 737 میکس 8کو پرواز کے قابل قرار دیا ہے۔
بوئنگ کمپنی نے بھی ایک بیان میں اس جہاز کی پرواز محفوظ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔
دوسری جانب تحقیقاتی ٹیموں نے ایتھوپین ایئرلائن سے حادثے کا شکار ہونے والی فلائٹ کا ریکارڈ حاصل کیا ہے اور جہاز کے گرنے کے اسباب کا تعین کیا جا رہا ہے۔
737 میکس 8 بوئنگ کمپنی کے جدید جہازوں پر مشتمل سب سے بڑا بیڑا ہے جس میں میکس7، 8 ، 9 ،10 کے ماڈلز شامل ہیں۔ اس سال جنوری میں بوئنگ نے میکس 8 ماڈل کے 350 جہاز مختلف ایئر لائنز کو فراہم کئے تھے۔ میکس 7 اور 10 کے ماڈلز اب تک ڈیلیور نہیں ہوئے لیکن میکس 9 ماڈل کے چندطیارے اس وقت بھی کچھ ایئر لائن کمپنیاں استعمال کر رہی ہیں۔
اتوارکو ایتھوپین ایئرلائن کے حادثے میں میکس8 ماڈل تباہ ہوا تھا جس میں 157 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ گزشتہ5ماہ میں بوئنگ 737 میکس 8مسافر جہاز کے تباہ ہونے کا دوسرابڑا واقعہ ہے جس میں اب تک 300سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔