Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’12ویں فیل‘ کے ہیرو کا یوٹرن؟ ’اداکاری سے ریٹائرمنٹ ہمیشہ کے لیے نہیں ہے‘

وکرانت میسی نے کچھ عرصہ قبل شوبز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
’12ویں فیل‘ اور ’مرزا پور‘ سے شہرت حاصل کرنے والے بالی وُڈ کے معروف اداکار وکرانت میسی نے کچھ عرصہ قبل انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کر کے اپنے مداحوں کو ایک جھٹکا دیا تھا۔
انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے جاری پروجیکٹس کو مکمل کرنے کے بعد آئندہ سال یعنی 2025 میں اداکاری سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔
اب اداکار کی جانب سے ایک انٹرویو میں اس بیان کی وضاحت کی گئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق وکرانت میسی نے ’ٹائمز نیٹ ورک‘ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ ہمیشہ کے لیے اداکاری کو خیرآباد نہیں کہہ رہے بلکہ کچھ عرصے کے لیے وقفہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنی اہلیہ شیتل ٹھاکر کے ساتھ مشورے کے بعد کیا ہے۔
وکرانت میسی نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’میرے لیے گذشتہ چند برس کامیابیوں سے بھرپور رہے ہیں۔ میں گزرے سالوں میں انتہائی عاجزی اور شکرگزاری کے ساتھ اس بات پر غور کرتا رہا ہوں، قدرت نے میری مانگ اور ضرورت سے کئی گنا بڑھ کر مجھے عطا کیا ہے۔‘
’میں گذشتہ 21 برسوں سے ایک اداکار کے طور پر کام کر رہا ہوں لیکن ’12ویں فیل‘ میرے لیے ایک غیرمعمولی فلم تھی، سو اس ساری صورت حال کو واضح کرنے کے لیے میں نے اس دن آدھی رات کو پوسٹ کی کیونکہ میں سو نہیں پا رہا تھا۔‘
اس حیران کن اعلان کے بعد انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی کابینہ کے ہمراہ پارلیمنٹ میں وکرانت میسی کی فلم ’دی سبرامتی رپورٹ‘ دیکھی۔
وکرانت نے اس حوالے سے کہا کہ ’اس سے بڑھ کر کسی اداکار کے لیے کیا ہو سکتا ہے کہ اس کی فلم کو اتنی محبت دی جائے، میں نے کبھی بھی یہ سوچا نہیں تھا کہ میری زندگی میں یہ بھی ہو سکتا ہے۔‘
’میں نے اپنی اہلیہ سے مشورہ کیا اور میں نے اس سے بات کرتے ہوئے کہہ رہا تھا کہ ’12ویں فیل‘ اتنی پسند کی گئی اور ’دی سبرامتی رپورٹ‘ کو بھی اتنا پیار مل رہا ہے کہ ملک کا وزیراعظم اس فلم کو دیکھ رہا ہے، میں نے یہ بنانے کے لیے سال کے 365 دنوں میں سے 284 دن کام کیا ہے۔ سو خود کو تھوڑا مزید اچھا ادکار بنانے کے لیے میں ایک چھوٹی سی بریک لینا چاہتا ہوں۔‘
وکرانت میسی نے بتایا کہ وہ بالکل یہی بات اس انسٹاگرام پوسٹ میں بھی کہنا چا رہے تھے لیکن شاید پڑھنے والوں کو درست سمجھ نہ آئی اور لوگوں نے اپنے پاس سے مطلب نکال لیا۔

شیئر: