Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، سرمایہ کاروں کو 26ارب ریال کافائدہ

سارے اشاریے مثبت ،میڈ گلف انشورنس کو فوقیت، مڈل ایسٹ پیپرز کی تنزلی، جریر کا ڈیویڈنڈ کا اعلان
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے بین الاقوامی کمپنیوں میں خام تیل کی قیمتو ںمیں 3.6فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ خام تیل کے پیداواری ممالک میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کو اچھی نظروں سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ اس سے انکی آمدنی میں اضافہ متوقع رہتا ہے۔ جس سے معیشت بہتر ہوسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سعودی اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھی گئی اور تداول آل شیئر انڈیکس 175پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 103.72پوائنٹس کے اضافے کے بعد 8582.88پوائنٹس پر بند ہوا۔ گزشتہ ہفتے سارے اشاریے مثبت زون پر بند ہوئے۔ پرائس انڈیکس میں 1.22فیصد کا اضافہ جبکہ سودوں اور حجم میں بالترتیب 23فیصد اور 20فیصد کا فروغ دیکھا گیا ۔ کاروباری مالیت 24.5فیصد اضافے کے بعد 15.6ارب ریال تک پہنچ گئی۔ حصص کی قیمتوں میں اضافے سے سرمایہ کاروں کو 26ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ انفرادی کمپنیوں میں میڈ گلف انشورنس کو فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 17.28فیصد اضافے کے بعد 16.29ریال پر بند ہوئی۔ الخدیری کی قیمت 9.49فیصد فروغ کے بعد 4.73ریال پر پہنچ گئی۔ تاسنی کی پرائس 7.98فیصد بڑھنے کے بعد 17.60ریال پر اختتام پذیر ہوئی جبکہ ہیوی ویٹ سابک کی قیمت 2.14فیصد اضافے کے بعد 124.20ریال پر اور الراجحی بینک کی قدر 1.84فیصد فروغ کے بعد 99.70ریال پر بند ہوئی۔ دوسری طرف مڈل ایسٹ پیپر کمپنی جس نے 5فیصد ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا ہے تنزلی میں ٹاپ پر رہی اور اسکی قیمت 7.35فیصد کمی کے بعد 19.40ریال تک گر گئی۔ دوسری طرف جریر نے 23.5فیصد ڈیویڈنڈ دینے کا اعلان کیا ہے جس کی تقسیم 27مارچ کو ہوگی۔ اس کی قیمت 2.35فیصد اضافے کے بعد 56.60ریال پر پہنچ گئی۔

شیئر: