Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرائسٹ چرچ میں6 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

اسلام آباد .... نیو زی لینڈ میں دہشت گردی کے بدترین واقعہ میں 6پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ۔ 3اب بھی لاپتہ ہیں۔ دفتر خارجہ نے جاں بحق ہونے والے 6پاکستانیوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں سید جہانداد علی، سہیل شاہد(لاہور)سید اریب احمد(کراچی )محبوب ہارون(اسلام آباد) نعیم راشد اور ان کا بیٹا طلحہ نعیم(ایبٹ آباد) شامل ہیں۔نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمیشن مزید تفصیلات اکٹھی کر رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود تمام صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے بھی اپنے بیان میں واقعہ میں لاپتہ پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔ انہو ں نے کہا کہ دیگر 3 لاپتہ افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ڈی این اے کرایا جائے گا۔ لواحقین سے رابطہ کریں گے۔ متاثرہ پاکستانی فیملیز سے تعاون کریں گے۔ نیوزی لینڈ میں ڈپٹی ہائی کمشنر معظم علی نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ جاں بحق ہونے والے نعیم راشد اور ان کے بیٹے طلحہ کی تدفین نیوزی لینڈ میں ہی ہوگی یہ بہت بڑا سانحہ ہے لواحقین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے نیوزی لینڈ دہشت گرد حملے کے لواحقین کو و یزے کےلئے سہو لتیں فراہم کرنے کا ا علان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ میں پاکستانی اعزازی قونصل جنرل معین فدا سے رابطہ کریں۔ لواحقین کی سہولت کےلئے واٹس اپ نمبر اور ویب سائٹ ایڈریس بھی جاری کردیا گیا ۔ترجمان نے کہا کہ متاثرہ خاندان نیوزی لینڈ کےلئے وزٹ و یزا اپلائی کرسکتےہیں۔ متاثرین ویب سائٹ کے ذریعے درخواست بھجوائیں ۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کرائسز منیجمنٹ سیل وزارت خارجہ اسلام آباد اور نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن متاثرہ خاندانوں کو ویزا اور میتوں کو پاکستان لانے سمیت دیگر معاملات میں تعاون کررہا ہے ۔دریں اثناءدہشت گردی کے واقعہ کے بعد نیوزی لینڈ میں سیکیورٹی الرٹ کا لیول انتہائی حد تک بڑھا دیا گیا ۔ ملک بھر میں عبادت گاہوں اور عوامی مقامات پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں۔حملے کا نشانہ بننے والی دونوں مساجد کو بند کردیا گیا ۔ لوگ مساجد کے باہر اظہارِ یکجہتی کے لئے پھول رکھ رہے ہیں۔

شیئر: