وزارت خزانہ نے ایک ہللہ کے50کروڑ سکے ڈھالنے کی منظوری دیدی
ریاض ۔۔۔ وزارت خزانہ نے ایک ہللہ کے 50کروڑ سکے ڈھالنے کی منظوری دیدی ہے۔ مارکیٹ میں ہللوں کی طلب میں اضافے کے باعث وزیر خزانہ نے نئے سکے ڈھالنے کی منظوری دی ہے۔ عکاظ اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اس وقت مارکیٹ میں دستیاب ایک ہللہ کی تعداد 25.51ملین سکے ہیں۔ ان کی مجموعی مالیت 2لاکھ55ہزار ہے۔ حکومت کی طرف سے ویلیوایڈڈ ٹیکس نافذ کرنے کے بعد سکوں کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ واٹ لاگو کرنے کے بعد بیشتر اشیاءکی قیمت میں سکے شامل ہوتے ہیں۔ عام دکانداروں کے علاوہ صارفین کو بھی سکوں کے لین دین میں دشواری کا سامنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صارفین کی بیشتر تعداد دکانوں میں ادائیگی اے ٹی ایم سے کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ایک ہللہ کے 50کروڑ سکے ڈھالنے کے بعد مارکیٹ میں ایک ہللہ کی مجموعی مالیت5ملین ریال یعنی 1860فیصد زیادہ ہوجائے گی۔ واٹ لاگو ہونے کے بعد حکومت نے نئے سکے ڈھالے تھے اور انہیں مارکیٹ میں فراہم کیا تھا۔ 2018ءکے اختتام تک مارکیٹ میں25.07ملین سکے فراہم کئے گئے جن کی مجموعی مالیت 250.7ہزار ریال تھی۔ یہ رقم 2017ءکے مقابلے میں 2894فیصد زیادہ ہے۔ دوسری طرف وزارت تجارت نے دکانداروں پر زور دیا ہے کہ مختلف اشیاءکی قیمتوں پر واٹ لاگو کرنے کے بعد قیمت بتائی جائے۔ 5فیصد اضافہ کے بعد قیمت میں سکوں کو بھی شامل کیا جائے۔ تاجروں کو تاکید کی گئی کہ صارف کو بل ادا کرنے پر باقی رقم میں جو سکے ہوں وہ ضرور ادا کئے جائیں۔ اسی طرح کی ہدایت صارفین کو بھی کی گئی کہ دکانداروں کو باقی سکے ضرور لیا کریں جو دکاندار سکے واپس نہ کرے یا دستیاب نہ ہونے کا بہانہ بنائے اس کے خلاف شکایت درج کرائی جائے۔