Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ : پاکستان حج والنٹئیر گروپ کے زیراہتمام سالانہ تقسیم اسناد

حج سیزن میں پاکستانی رضاکاروں کی تعداد 3 ہزار سے زائد رہی ،کوآرڈینیٹر پی ایچ وی جی  ، کشمیر کمیٹی جدہ کیجانب سے مسئلہ کشمیر  کے بارے میں  او آئی سی کے  اعلامیے کا خیر مقدم
 
مکہ مکرمہ ۔محمد عامل عثمانی
    ٭مکہ مکرمہ میںپاکستان حج والنٹئیر گروپ کے زیر اہتمام سالانہ تقسیم اسناد کا پروگرام  منعقد کیا گیا۔ مکہ کوآرڈینیٹر حافظ امجد محمود اعوان نے تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز  کیا۔مرکزی کور کمیٹی کے ممبر اور پاکستان فورم کے صدر ڈاکٹر محمد عرفان اللہ صدیقی نے اس موقع پر پاکستان حج والنٹئیر گروپ کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2011 میں منیٰ آپریشن شروع کرنے والا یہ رضاکار گروپ اب5 مختلف النوع قسم کے پروگرام حجاج کرام کی خدمت کیلئے پیش کر رہا ہے جس میں سے 2، ضیوف الرحمن پروجیکٹ اور حرم پروجیکٹ حج سے تقریباً ایک مہینہ پہلے شروع ہو جاتے ہیں۔ ان میں منیٰ، مزدلفہ، عرفات کے بارے میں حجاج کرام کو آگہی فراہم کی جاتی ہے تاکہ حجاج جب مشاعر پہنچیں تو انہیں اہم جگہوں کا پہلے سے علم ہو اور وہ اپنی عبادات پر مکمل توجہ دے سکیں۔ اس کے علاوہ حرم شریف کی وسعت کے باعث بہت سے حجاج کرام اپنے ہوٹل کا راستہ بھول جاتے ہیں۔ انکی رہنمائی بھی حرم پروجیکٹ کے زیر نگرانی کی جاتی ہے۔اس کے علاوہ منیٰ کے3 دن کے دوران تقریباً 3 ہزار رضاکاروں کے ہمراہ پاکستان حج والنٹئیر گروپ کے لوگ منیٰ میں کھو جانے والوں کو ان کے خیموں تک پہنچاتے ہیں۔ عزیزیہ پروجیکٹ کے ذریعے 12 اور13تاریخ کو منیٰ سے آنے والے حجاج کرام کو ان کی عمارتوں میں پہنچانے کیلئے رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد مشاعر میں موجود ہوتی ہے۔طواف زیارت پروجیکٹ کے تحت ایسے افراد جو طواف زیارت نہیں کر سکتے ان کو پاکستان حج مشن کے تعاون سے طواف زیارت کرایا جاتا ہے۔عرفان اللہ صدیقی نے شرکاء  پر زور دیا کہ پاکستان حج والنٹئیر گروپ کے ان رضاکاروں کے کام کے بارے میں آگہی زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں تاکہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد آنے والے حج پروگراموں میں ضیوف الرحمن کی خدمت کر کے  اجر میں شریک ہو سکیں۔ پروگرام کے آخر میں حج2018 کے رضاکاروں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔اس موقع پرطائف کے ڈاکٹرطارق ملک مہمان اعزازی تھے۔ انکے علاوہ پاکستان فورم مکہ کے سابق صدر مجیب الرحمن ، سیکریٹری قمر رحمان، محمد سعید اعوان ، زاہد زین ، کامران خان ، ثاقب قدیر، شکیل الرحمن ،آفتاب ، ینبع  سے خصوصی طور پر آئے ہوئے یاسر ، کور کمیٹی مکہ کے ارکان اور دیگر معززین شہر بھی موجود تھے۔
    ٭کشمیر کمیٹی جدہ کے صدر مسعود پوری اور دیگر ممبران  '' سردار اقبال یوسف، منیراحمد گوندل،سردار نصر اقبال، عامر غنی میر،چوہدری محمد اعظم،محمد فاروق الراعی اور پرویز مسیح نے مشترکہ بیان میں ابو ظبی او آئی سی  کے اختتامی اجلاس کے اعلامیہ کا خیرمقدم کیا جس میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا،کشمیر کے مسلمانوں پر ہندکی طرف سے ظلم و ستم بند اور پاکستان پر ہندوستانی جارحیت کی مذمت کی گئی۔ اس کے علاوہ پاکستان کو انسانی حقوق کا مستقل ممبر منتخب ہونا ایک بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان نے اجلاس کا بائیکاٹ کرکے دنیا کو پیغام دیا کہ ہند جارحیت کا مرتکب ہوا ہے، اپنے برادر ممالک کو قائل کرنے میں کامیاب رہا۔ہندوستانی وزیر خارجہ کا او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کرنا کشمیریوں کے زخموں پر نمک پوشی کے مترادف ہے۔ ہندوستانی وزیر خارجہ کی موجودگی میں ایسی قرار داد کا پاس ہونا پاکستان کی سفارتی سطح پر بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان نے ہندوستانی پائلٹ کو رہا کر کے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن کا راستہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل سے مشروط ہے۔ کشمیر کمیٹی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونے تک جہد وجہد جاری رہے گی۔ کشمیر کمیٹی نے کشمیر میں جماعت اسلامی پر پابندی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ کھلم کھلا انسانی بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ہم اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

مزید پڑھیں:- - -  -پاکستان انٹرنیشنل سکول ناصریہ ریاض میں سالانہ جلسہ تقسیم انعامات

شیئر: