عوام کو ’’مغرور ‘‘حکومت کی ضرورت نہیں، پرینکا
وارانسی- - - -کانگریس جنرل سکریٹری اور مشرقی یوپی کی انچارج پرینکا گاندھی گزشتہ روز پریاگ راج(الہ آباد ) کے منیا گھاٹ سےاسٹیمر بوٹ کا سفرشروع کرکے بدھ کو بنارس کے اسّی گھاٹ پہنچیں۔
یہاں ان کے مداحوں،پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے زبردست استقبال کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو نئی حکومت کی تلاش ہے جومعاشرے کےتمام طبقوں کی ضرورتوں کو ایمانداری سے پورا کرنے کی اہل ہو۔
مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں ماہی گیروں اورسماج کے دیگر طبقات سے دریائے گنگا کے تاریخی اسّی گھاٹ پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 5 سال آپ نے دیکھ لیاکہ ملک میں کی کیا حالت ہوگئی ہے۔ ہر سال2کروڑ روزگار دینے کا وعدہ کیا گیا تھا مگر پورا نہیں کیا جاسکا۔کسانوں کو نہ تو کھاد بیج کے لئے پیسے ملے اور نہ ہی ان کے فصل کی مناسب قیمت ادا کی گئی جس کی وجہ سے کسانوں کی بڑی تعداد خود کشی پر مجبور ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت قائم ہوئی ماہی گیروں کی علیحدہ وزارت قائم کی جائیگی۔یو این آئی کے مطابق پرینکا نے نریندر مودی حکومت پرخواتین اور مزدور مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ لوگ اس الیکشن میں ایسے رہنماؤں اور پارٹیوں کو اقتدار میں آنے سے روکنے کے لئےاپنے ووٹ کا استعمال کریں جن کا مقصد سماج کی خدمت کرنا نہیں۔
ملک کے غریب، مزدور، کسان، بے روزگاروں اور خواتین کو بی جے پی کی’’ مغرور‘‘ حکومت نہیں چاہئے۔ جس نے5 سالہ دور اقتدار میں سماج کے ہر طبقے اور اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا۔انہوں نے مرکز میں کانگریس کی حکومت قائم کرنے کی اپیل کرتےہوئے کہاکہ ایسی حکومت کا انتخاب کرنا چاہئے جومفاد پرستی سے بالا ہوکرعوامی مسائل احسن طریقے سے انجام دے سکے۔