’’ہولی ‘‘کے موقع پربریلی اور سورت میں فرقہ وارانہ ہنگامہ اور کشیدگی
نئی دہلی۔۔۔ہندوستان میں اکثریتی فرقہ کے رنگوں کے تہوار ہولی کے موقع پر گجرات کے ضلع سورت اور اتر پردیش کے ضلع بریلی میں سماج دشمن عناصر نے رنگ میں بھنگ ڈالنے کی کوشش کی۔سورت کے براچھا علاقے میں ہولی کی رسومات ادا کرتے وقت2 فرقوں میں تصادم ہوگیا ۔لوگوں نے ایک دوسرے پر جم کر پتھراؤکیاجس سے وہاں موجود 5گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور 2افراد زخمی ہوگئے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیااوراضافی حفاظتی دستے تعینات کردیئے ۔ دوسری جانب اتر پردیش کے ضلع بریلی میں ہولی کا جلوس نکالا گیا اس دوران 2گروپوں میں تصادم کے بعدبھگدڑ مچ گئی۔دیکھتے ہی دیکھتے دکانیں بند ہونے لگیں، دونوں گروپ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے اور پتھراؤ شروع کردیا جس میں کئی گاڑیوں کونقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔اے بی پی نیوز کے مطابق بریلی پولیس کے سب انسپکٹر جنرل آر کے پانڈے نے بتایا کہ ہولی کے موقع پر جلوس گزر رہا تھا کہ اس میں شامل بعض افراد نے لاجپت رائے مارکیٹ کی چھت پر کھڑی خواتین کے ساتھ چھیڑ خانی کی اور ان پر پتھر پھینکے ۔جوابی کارروائی کے بعدمعاملہ طول پکڑ گیا اور حالات قابو سے باہر ہوگئے۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا۔پانڈے نے بتایا کہ کثیر تعداد میں سیکیورٹی فورس طلب کرلی گئی تاہم حالات کشیدہ ہیں۔بانس منڈی، مرغوں والی گلی اور مٹھ کی چوکی علاقوں میں نیم فوجی دستے تعینات کردیئے گئے ۔پولیس نے شرپسندوں کیخلاف رپورٹ درج کرکے گرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔