ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کیلئے نشان پاکستان
اسلام آباد... صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کو پاک، ملائیشیا برادرانہ تعلقات اور پائیدار دوستی کے فروغ کے لئے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میںاعلیٰ ترین سول اعزاز ”نشان پاکستان“ عطا کیا ہے۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔ قبل ازیں سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے پاکستان میں پروٹون کار انڈسٹری لگانے کا اعلان کیا۔انہوں نے عمران خان کو ملائیشین انڈسٹری کی بنی ہوئی کار بھی گفٹ کی۔ انہوں نے کہا کہ روزگار فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ صنعتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے وقت ملائیشیا بہت غریب ملک تھا۔ کورین اور جاپانی لوگوں سے سبق سیکھا اور پھر ترقی کی منصوبہ بندی کی۔انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں غربت کا خاتمہ صنعتوں کے قیام سے ہوا۔ ہمیں دونوں ممالک کی سرمایہ کاری کوبڑھانا ہوگا۔ تمام ممالک کے ساتھ صرف تجارت چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کئے ۔ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے امن اور استحکام کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔امن اور استحکام ہوگا تو سرمایہ کاری بھی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکیں ، ریلوے، واٹرسپلائی، بجلی کے نظام کیلئے بھی کوئی منصوبہ بندی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سب ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں لیکن ہمارا اسرائیل سے بڑا کوئی دشمن نہیں ۔اسرائیل سے ہم نے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں رکھا۔ اس موقع پروزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مہاتیر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہر پاکستانی مہاتیر کے قائدانہ کردار کی تعریف کررہا ہے۔ لیڈر وہ ہوتا ہے جس کے پاس آئیڈیالوجی ہو اور مشکل وقت میں کھڑا ہوسکے۔مہاتیر نے ملائیشیاکو تبدیل کرکے رکھ دیا ۔ مسلم ممالک میں ایک ماڈل ملک ہے جس نے اپنے وسائل سے ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یہ ایسا وقت ہے جب بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے کمیٹی بنا رہے ہیں۔پاکستان مستقبل کی بہت بڑی مارکیٹ ہے۔