ریاستی اداروں کے عہدیداروں کی تقرری اور برطرفی کے فرامین جاری
ریاض ۔۔۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے ریاستی اداروں اور ان کے ماتحت محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں کی تقرری اور برطرفی کے شاہی فرامین جاری کردیئے ۔ متعدد جامعات کے وائس چانسلرز بھی تعینات کئے۔ الشرق الاوسط،عاجل اور سبق کے مطابق شاہی فرامین کے مطابق انجینیئز احمد العوھلی کو عسکری صنعتوں کی پبلک اتھارٹی کا گورنر بدرجہ وزیر ، ڈاکٹر حاتم المرزوقی کو نائب وزیر تعلیم برائے جامعات و ریسرچ ، ڈاکٹر سعد آل فہید کو معاون وزیر تعلیم، انجینیئر محمد الجااسر کو معاون وزیر محنت ، ڈاکٹر احمد العامری کو امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی کا وائس چانسلر ، ڈاکٹر ایناس بنت سلیمان العیسیٰ کو امیرہ نورہ یونیورسٹی کی وائس چانسلر، ڈاکٹر محمد الشہری کو حدود شمالیہ یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا۔ علاوہ ازیں عبدالرحمان الحربی کو تجارت خارجہ کے اعلیٰ ادارے کا گورنر مقرر کیا جبکہ ڈاکٹر توفیق السدیری کو اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کے نائب وزیر کے عہدے سے سبکدوش کردیا۔