واشنگٹن ...امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ایک مسجد میں آگ لگانے کی کوشش کی گئی۔ تحقیقات میں کرائسٹ چرچ کی مساجد پر حملے کا تعلق سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ پیر کوعلی لصباح کیلیفورنیا کے علاقے سین ڈیاگو میں قائم اسلامک سینٹر آف ایسکون ڈیڈو کی مسجد کی دیوار کے ساتھ آگ لگائی گئی۔ اسلامک سینٹر میں موجود افراد نے دھواں اٹھتا دیکھ کر فوری طور پر فائر فائٹرز کے پہنچنے سے قبل اپنی مدد آپ کے تحت آگ کوپھیلنے سے روک دیا۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد بتایا کہ آتشزدگی میں کیمیکل مواد کا استعمال کیا گیا ۔عمارت کی بیرونی سطح کو معمولی نقصان پہنچا۔پولیس کی تحقیقات کے دوران مسجد کی پارکنگ میں وال چاکنگ نظر آئی جس میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے حملے کا حوالہ دیا گیا تھا۔ وال چاکنگ کے الفاظ پولیس کی جانب سے جاری نہیں کئے گئے۔ پولیس آتشزنی اور ممکنہ نفرت کے جرم کے طور پر واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ایسکون ڈیڈو اسلامک سینٹر کے ترجمان یوسف ملر نے ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ مسجد میں آگ لگائے جانے کے واقعہ ہر حیرت نہیں ہوئی تاہم تحقیقات کے دوران اس واقعہ کا سا نحہ نیوزی لینڈسے تعلق جوڑے جانے سے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔